جھگیوں میںمقیم بچوں کی تعلیم کیلئے کوشاں ادارے ڈور آف اویئرنیس کی سالانہ تقریب کا انعقاد

ڈور آف اویئرنیس کی بدولت ہزاروں مستحق خاندانوں کے بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں‘محمد عرفان شیخ

منگل 10 دسمبر 2019 17:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں جھگیوں میںمقیم بچوں کی تعلیم کیلئے کوشاں ادارے ڈور آف اویئرنیس کی مقامی ہوٹل میں سالانہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ملک کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی محمد عرفان شیخ صدر چیمبر آف کامرس تھے جبکہ تقریب کی صدارت ڈور آف اویئرنیس کی چیئرپرسن مسز روبا ہمایوں نے کی۔

تقریب میں جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال‘ سابق کرکٹر انضمام الحق‘ جواد وسیم‘ممبر قومی اسمبلی سیمی بخاری‘ اداکارہ جگن کاظم‘عروج ناصر‘ توقیر ناصر‘ سردار درشن سنگھ‘ حمزہ کرامت (چیئرمین پنجاب یوتھ کونسل)‘ گلوکار و سوشل ورکر تیمور خان لال بینڈ والے‘ اداکار راشد محمود و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈور آف اویئرنیس کے مختلف سکولوں کے طلبہ نے اپنی اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کے دل جیت لئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی عرفان شیخ نے ڈور آف اویئرنیس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج ڈور آف اویئرنیس کی کاوشوں کی بدولت ہزاروں مستحق خاندانوں کے بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اس ملک سے جہالت کے اندھیرے دور کرنے کیلئے یہ ادارہ علم کی شمعیں روشن کر رہا ہے ہمیں چاہئے کہ معاشرے کو جہالت کے اندھیرے سے دور کرنے کیلئے اس ادارے کا ساتھ دیں۔

مقررین نے ڈور آف اویئرنس کی تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب اس ادارے کے طلبہ و طالبات پاکستان کی ترقی میں اپنی اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ ڈور آف اویئرنس مشکل حالات میں بھی جھگیوں میں مقیم بچوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے گزشتہ کئی سالوں سے مصروف عمل ہے۔

یہ ادارہ قوم کی ترقی اور خوشحالی میں بہترین کردار ادا ر رہاہے۔ چیئرپرسن مسز روبا ہمایوں نے ادارے کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ اس سال ڈور آف اویئرنیس کا پہلا بیج میٹرک کا امتحان دے گا۔ انہوں نے ڈور آف اویئرنیس کے ساتھ تعاون کرنے والے تمام افراد کو شکریہ ادا کیا اور سب سے درخواست کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر ادارے کا ساتھ دیں تاکہ ہم سب مل جل کر پاکستان کو تعلیم کے میدان میں آگے لیکر جا سکیں‘انہوں نے کہا کہہماری کوشش ہے کہ جھگی سکولوں کا جال پورے پاکستان میں پھیلائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم سے سرشار ہو سکیں۔ تقریب میں ڈور آف اویئرنیس کے بچوں کے ہاتھ سے بنائی گئی مختلف اشیاء بھی رکھی گئی تھیں جنہیں حاضرین نے بہت پسند کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں