مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بھارت کشمیریوں پر جتنے چاہے مظالم ڈھالے کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوکر رہے گا، مقررین

منگل 10 دسمبر 2019 18:37

لاہور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) عالمی یوم حقوق انسانی کے موقع پر کشمیرسنٹرجموں وکشمیرلبریشن سیل لاہورکے زیراہتمام پریس کلب کے باہر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی زبردست پامالیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنمائوں‘کارکنوں‘ وکلاء‘ دانشوروں‘ سول سوسائٹی کے اراکین سمیت طلباء کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

احتجاجی مظاہرے سے سینئررہنما جماعت اسلامی ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ‘ ڈائریکٹر کشمیرسنٹر لاہو رسردارساجد محمود‘ چیئرمین کشمیر کمیٹی لاہو رچیمبر یوسف شاہ‘ سینئررہنما مسلم لیگ ن غلام عباس میر‘سیکرٹری جنرل ہیومن رائٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان اے ایم شکوری‘وکلاء رہنما راجہ شیرزمان خان‘ صدرمسلم لیگ آزادکشمیر لاہورڈویژن راجہ شہزاداحمد‘ سیکرٹری مرزا عامر جرال‘ایگزیکٹو ممبرلاہورچیمبر حاجی آصف سحر‘رہنما تحریک انصاف فاروق آزاد‘ رہنما لبریشن فرنٹ سردار انور خان‘ امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر لاہور ڈویژن خوشحال شاہین‘مسلم لیگ ق لاہور کی سینئرنائب صدر میڈم زیبا‘سائرہ بانو‘ زرقا نسیم‘‘معراج الدین شاہین‘مسلم لیگ یوتھ ونگ کے چیئرمین راجہ فیصل‘ راجہ بشارت‘ علامہ فداء الرحمان حیدری‘ ڈاکٹررب نواز‘ مرزا عارف‘ نذر بھنڈر‘ چیئرمین یوسی حاجی خورشید اعوان‘ کونسلر حاجی اعجاز‘ راجہ ابرار‘ ظہورکشمیری کے علاوہ سٹی لاء کالج شاہدرہ کے طلباء کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ بھارت کشمیریوں پر جتنے چاہے مظالم ڈھالے لیکن کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوکر رہے گا۔ سردار ساجد محمود نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں کی روشنی میں مسلمہ حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کی پاداش میں نہتے کشمیری عوام کو بھارت کے بدترین مظالم کا سامنا ہے۔

یوسف شاہ نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈائون کو 126دن گزرچکے ہیں لیکن اقوا م متحدہ سمیت عالمی برادری کوئی نوٹس نہیں لے رہی۔ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی پیدائشی حق ہے ۔ غلام عباس میر نے کہا کہ ہم آزادی کے لئے ہر قسم کی قربانیاں پہلے بھی دیتے آئے ہیں او رآئندہ بھی بہادری کے ساتھ بھارتی مظالم کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔راجہ شہزاد احمد نے کہا کہ تمام سیاسی سماجی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر کشمیر کاز کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

آصف سحر نے کہا دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھارت نے ان کا یہ حق سلب کررکھا ہے ۔اس موقع پر سردارساجد محمو نے قراردادیں پیش کیں ۔ پہلی قرارداد میں کہا کہ عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر کشمیری عوام کے پیدائشی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور چارٹر کے مطابق مسلمہ حق ’’ حق خودارادیت ‘‘ کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ اور جابرانہ قبضے کی بھرپور مذمت کی گئی۔

دوسری قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اجتماع 5اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیرکو غیر آئینی طور پر دو حصوں میں تقسیم کرنے کے بھارتی اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے آرٹیکل 35اے اور370 کو بحال کرنے اور مقبوضہ کشمیر سے فی الفورکرفیو کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔تیسر ی میں کہا گیا کہ یہ اجتماع بھارت کی طرف سے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو کے نفاذ اور کالے قوانین کی آڑ میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی بھرپورمذمت کرتاہے۔

چوتھی میں کہا گیا کہیہ اجتماع شہدائے جموں و کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی لازوال قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کی تجدید کرتا ہے کہ ہم حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پانچوں قرارداد میں کہا گیا کہ آج کا یہ اجتماع مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوںسیدعلی گیلانی، یاسین ملک، شبیر شاہ ‘میرواعظ مولوی عمر فاروق سمیت دیگر تمام سیاسی وسماجی رہنمائوںاور ہزاروں بے گناہ کشمیر ی نوجوانوں کی گرفتاریوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

چھٹی قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اجتماع انسانی حقوق کے علم برداروں اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے یہ بھرپور مطالبہ کرتاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں