لاہور پریس کلب کے عہدیداران کی صحافیوں پر بدترین تشدد کی شدید مذمت

بدھ 11 دسمبر 2019 23:50

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر ذوالفقار علی مہتو، نائب صدر ناصرہ عتیق، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹرزاور وکلاء میں تنازع پر ہونے والے ہنگاموں میں کوریج کے دوران صحافیوں پر بدترین تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے سینئر صحافی سلیم شیخ، احمد فراز، حسنین چوہدری، حسن حفیظ، ندیم چوہدری،علی ساہی، برہان الدین، خاتون صحافی امبر قریشی اور کیمرہ مین رمضان ملک سمیت دیگرصحافیوں پر وکلاء کی جانب سے ہونے والے تشدد پراپنے مذمتی بیان میں کہا کہ صحافی کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں، معاشرے میں جاری ہر طرح کے حالات سے عوا م و خواص کو باخبر رکھنا ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

کیمر ہ وہی دکھاتا ہے جو ہو رہا ہوتا ہے اگر کسی کو اعتراض ہے تو اپنے گریبان میں جھانکے اور کیمرے بند کرا کے اپنے غیر مہذب رویے پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہ کرے۔ وکلا ء احتجاج میںصحافیوں کوٹارگٹ کرکے ان پر تشددکرنے ، کیمرے اور موبائل فون چھیننے کا عمل ناقابل برداشت ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں جاری ہنگامہ آرائی انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ، شرپسندی کے اس قسم کے واقعات سے دنیا میں ہمارا بہت برا تاثر جارہاہے۔

پی آئی سی کے سامنے احتجاج میں شر پسند عناصر نے قانون کی جس طرح دھجیاں اڑائی ہیں وہ باعث شرم ہے۔ انھوںنے حکومت اور بار کونسلز سے صحافیوںپر تشددکے واقعہ کا فی الفورنوٹس لیکر کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ورنہ صحافی تنظیموں سے مشاورت کے بعد متفقہ لائحہ عمل طے کرکے احتجاج کیاجائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں