وکلاء کا گھنائونا طرز عمل دیکھ کر قانون پسندوں کے سر شرم سے جھک گئے ،میاں محمود الرشید

بدھ 11 دسمبر 2019 23:50

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) وزیرہائوسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے پی آئی سی میں وکلا ء کی غنڈہ گردی اور زیرعلاج مریضوں سے بدسلوکی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء کا یہ گھنائونا طرزعمل دیکھ کر تمام قانون پسندوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ آج قانون کی بالادستی کے دعویداروں نے قانون کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں۔

پی آئی سی میں وکلاء کی توڑ پھوڑ کا کوئی جواز نہیں تھا۔ میاں محمود الرشیدنے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان سے وکلاء کی بدسلوکی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس تشدد ، توڑپھوڑ اور بدمعاشی سے قانون کے رکھوالوں کا اصل چہرہ سامنے آ گیا ہے۔وکلاء کو اس برے اور گندے طرزعمل پر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا وکلاء تنظیموں کو اپنی صفوں میںموجود کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرتے ہوئے توڑپھوڑ میں ملوث وکلاء کے لائسنس منسوخ کرنے چاہئیں۔

قانون کے رکھوالوں کا یہ رویہ ناقابل برداشت اورمعاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر ناقابل معافی ہیں۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ قانون کے رکھوالوں کے اس گھنائونے رویئے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔قانون ہاتھ میں لینے والے وکلاء سے سختی سے نمٹنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں