نئی سڑکوں کی تعمیر کے لئے مستقبل کی ضروریات کو پیش نظررکھ کر منصوبہ بندی کی جائی' سمیراحمد سید

شہر میں دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر کے نئے منصوبوں کے لئے ترجیحات کاتعین کیاجائی' ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2019ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیراحمد سید نے ہدایت کی ہے کہ شہر میں نئی سڑکوں ،فلائی اوور ز،انڈر پاسز اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر کے نئے منصوبوں کے لئے ترجیحات کا تعین کاجائے تاکہ آئندہ بجٹ میں ان کے لئے وسائل کا بندوبست کیاجا سکے۔نئی سڑکوں کی تعمیر کے لئے مستقبل کی ضروریات کو پیش نظر رکھ کرمنصوبہ بندی کی جائے۔

ٹیپا شہر میں بین الاقوامی معیار کی ٹریفک مینجمنٹ کے لئے فعال کردار ادا کرے۔ ریونیو جنریشن کی خاطر نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔مصروف اوقات میں سڑکوں پر ٹریفک کے رش سے بچنے کے لئے گاڑیوں کی متبادل راستوں کی طرف راہنمائی کا نظام بنایا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹریفک انجینئرنگ اینڈ پلاننگ ایجنسی (ٹیپا)کے بارے میں ایک بریفنگ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف انجینئر ٹیپا مظہر حسین خان نے انہیں ادارے کے انتظامی ڈھانچے،ذمہ داریوں ، طریقہ کار اورمکمل کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کو شہر میں ٹریفک کی صورتحال بہتر بنانے اور مختلف علاقوں کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لئے ٹیپا کی طرف سے تجویز کئے جانے والے نئے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔بریفنگ کے موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوا 'ڈائریکٹرز ٹیپا توصیف احمد،مبین اصغر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں