پی آئی سی پر حملے اورعلاج معالجہ معطل ہونے سے تین مریضوں کے انتقال پر فضاء سوگوار رہی

توڑ پھوڑ کی وجہ مشینری کو نقصان کے باعث ایمر جنسی سروسز معطل رہیں،مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،پولیس کی بھاری نفری تعینات گرینڈہیلتھ الائنس کی کال پر ڈاکٹروں ، نرسز اورپیرا میڈیکس نے بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر فرائض سر انجام دئیے ،پی ایم اے کا آج ٹوکن احتجاج کااعلان وکلاء تنظیموں کی کال پر عدالتوں میں ہڑٹال ،سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ،ڈاکٹروں اور وکلاء کے اجلاس بھی منعقد ہوئے

جمعرات 12 دسمبر 2019 23:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2019ء) وکلاء کی جانب سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے اورعلاج معالجہ معطل ہونے سے تین مریضوں کے انتقال پر شہر کی فضاء سوگوار رہی ، توڑ پھوڑ کی وجہ مشینری کو نقصان کے باعث ایمر جنسی بند رہی جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا ،کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینا ت رہی جبکہ شہر کے دیگر اہم مقامات پر بھی پولیس کو تعینات کر کے الرٹ رکھاگیا ، گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر ڈاکٹروں ، نرسز اور پیرا میڈیکس نے بازئوں پر سیاہ پٹیاںباندھ کر فرائض سر انجام دئیے دوسری جانب وکلاء تنظیموں کی کال پر عدالتوں میں ہڑٹال کی گئی جس کی وجہ سے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وکلاء کی جانب سے پی آئی سی پر حملے کے بعد صورتحال بدستور کشیدہ ہے ، وکلاء اور ڈاکٹر تنظیموں کی جانب سے اجلاس منعقد کئے گئے اور آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔دوسری جانب پی آئی سی واقعہ کی وجہ سے شہر میں فضا سوگواررہی اور ہر طبقے کی جانب سے اس واقعہ کی مذمت کی گئی ۔ایمر جنسی میں توڑ پھوڑ کی وجہ سے علاج معالجہ معطل رہا تاہم دوسرے وارڈز میں مریضوں کا علاج معالجہ جاری ہے ۔

پی آئی سی کی ایمر جنسی اوردوسرے شعبوں میں ہونے والے نقصان کی رپورٹ تیار کر لی گئی ہیں اور اس کے ساتھ ایمر جنسی کی بحالی کے لئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے ۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری پی آئی سی کے اندر اورباہر تعینات رہی جبکہ شہر کے دیگر اہم مقامات پر بھی پولیس کی بھاری نفری کوتعینات کر کے الرٹ رکھاگیا ۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر ڈاکٹروں، نرسز اورپیرا میڈیکس نے واقعہ کے خلاف بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کام کیا جبکہ پی ایم اے نے آج جمعہ کے کے روز ٹوکن احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ پولیس نے پی آئی سی واقعہ کے خلاف دو ایف آئی درج کرلی ہیں ۔پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی جانب سے ثاقب شفیع شیخ کی شکایت پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ سمیت دیگرسنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاگیاہے جبکہ ایک ایف آئی ار پولیس کی مدعیت میں بھی درج کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں