پاکستان اور چین کی دوستی دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے، چینی سکالرز

جمعہ 13 دسمبر 2019 23:29

لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) لاہور کونسل برائے عالمی امور اورچین فارن یونیورسٹی برائے بین الاقوامی امور کے سکالر کے مابین باہمی‘ علاقائی اور عالمی مسائل پر گفتگو ہوئی ، جمخانہ لاہور میں ہونے والی گفتگو میں چین کی یونیورسٹی کے سکالر پروفیسر شین زی، پروفیسرجائو حمزہ شینڈتاوا اورپروفیسر رین یو ششی زے جبکہ لاہور کونسل برائے عالمی امور کے وفد سینئر سفارتکار شامل تھے‘ لاہور کونسل برائے عالمی امور کے ساتھ بات چیت کے علاوہ دورے پر آئے ہوئے چین کے وفد نے تھنک ٹینک کے ساتھ مختلف ملاقاتیں بھی کیں‘ اس موقع پر سی پیک کی معاشی اہمیت جبکہ چین اور امریکہ کے درمیان دفاعی تعاون کی وجہ سے مشکلات اور بھارت میں ہندو اتوا کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ‘ کشمیر کے معاملات زیربحث آئے‘ گفتگوکے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے جبکہ علاقائی استحکام کومضبوط بنانے کیلئے یہ دوستی بہتر انداز میں کام کرسکتی ہے‘ انہوں نے اس عمل پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کی عوام پرعزم ہے کہ دفاعی تعاون اور دوستی اور شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جائے‘ چین نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سی پیک کے ذریعے 62 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے‘چین کی طرف سے یہ بتایا گیا ہے کہ سی پیک کے تحت کئے گئے منصوبوں میں پاکستان میں 70 ہزار افراد کو روزگار مل چکا ہے‘ پاکستان کی مجموعی قومی آمدنی کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے‘ دونوں طرف سے اس ضرورت پر زور دیا گیا ہے کہ سی پیک کے تحت بننے والے منصوبوں پر جلد سے جلد عملدرآمد کروایا جائے‘ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان جنوبی ایشیاء کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تجویز یں دی گئیں ۔

(جاری ہے)

آخر میں لاہور کونسل برائے عالمی امور کے صدر اور سفاتکار جاوید حسین اور پروفیسر شی زی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس طرح کی بات چیت اور دورے ہونے چاہئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں