سانحہ سیشن کورٹ کے شہداء کی23 ویں برسی کی تقریب

ہفتہ 18 جنوری 2020 18:29

لاہور۔18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) ڈی آئی جی آپریشنزرائے بابر سعیدنے سانحہ سیشن کورٹ کے شہداء کی بہادری اور لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کے شہداء نے اپنی قیمتی جانیںعوام کے تحفظ پر قربان کر دیں۔پوری قوم اِن بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ لاہور پولیس کی تاریخ فرض کی راہ میں شہادت پانے والے جانثاروں سے بھری ہے۔

شہداء کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔شہداء پولیس کے ورثاء کی فلاح و بہبود کے لئے مزید بہتر اقدامات کئے جارہے ہیں۔یاد رہے 1997ء میں آج ہی کے دن پولیس کے جوان سیشن کورٹ میں اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے کہ خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیاتھاجس کے نتیجے میں 19 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

شہداء میں انسپکٹر احمد مختار، سب انسپکٹر محمد اسلم، سب انسپکٹر محمد وسیم،اے ایس آئی اصغر علی ، ہیڈ کانسٹیبل مختار احمد،ہیڈ کانسٹیبل محمد دین، ہیڈ کانسٹیبل مختار احمد، کانسٹیبل معشوق علی، محمد فاروق، محمد اسلم، فاروق احمد،نور محمد، مظہر اقبال، ذوالفقار علی، مصور علی،محمد حنیف، محمد اسلم، ریاض احمد اور کانسٹیبل ارشد فاروق آج ہی کے دن شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے تھے۔

عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر آج ہی کے دن مجاہد سکواڈ میں تعینات کانسٹیبل محمد سرور بیگ جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہو گئے تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہوررائے بابر سعید کی ہدایت پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز کے زیر انتظام سانحہ کے شہداء ایس آئی محمد وسیم کی آخری آرام گاہ واقع گلشن راوی قبرستان ، کانسٹیبل مصور علی شہید کی آخری آرام گاہ تاجدین قبرستان مغلپورہ جبکہ کانسٹیبل محمد سرور بیگ کی چھٹی برسی کے موقع پرشہیدکی آخری آرام گاہ واقع عالیہ ٹائون قبرستان شالیمار میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں ایس پی اقبال ٹائون محمد اجمل،ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز اسد الرحمن، ڈی ایس پی مغلپورہ سرکل عاطف معراج،متعلقہ ایس ایچ اوز،شہداء کے ورثاء سمیت پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ لاہور پولیس کے مسلح دستوں نے شہداء کی قبروں پرسلامی دی ،پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور شہداء کے درجات بلندی کے لئے دعائیں بھی کی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں