عمران خان کی لازوال جدوجہد سے آج عوام کرپشن اورکرپشن کرنیوالوں سے نفرت کرتے ہیں ‘مسرت جمشید چیمہ

اشیائے خوردونوش کا بحران اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ‘میڈیا ایڈوائزر وزارت اطلاعات ،چیئر پرسن قائمہ کمیٹی

ہفتہ 18 جنوری 2020 20:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2020ء) وزارت اطلاعات کی میڈیا ایڈوائزر و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے جتنے فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نام نہاد خادم اعلیٰ کے مقابلے میں ہر مد میں اپنے اخراجات میں وسیع پیمانے پر کمی کر کے فرق واضح کر دیا ہے کہ عوام کا حقیقی نمائندہ کون ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کا بحران اور مصنوعی مہنگائی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ 376فلورملوں کیخلاف کاررروائی کرتے ہوئے مجموعی طورپر 9کروڑ 6لاکھ روپے جرمانہ جبکہ 15فلور ملوں کے لائسنس معطل کردیئے گئے ،اوپن مارکیٹوں میں بھی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور شکایات کے لئے ٹول فری نمبر ز بھی جاری کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی لازوال جدوجہد کی وجہ سے آج عوام نہ صرف کرپشن بلکہ کرپشن کرنے والوں سے بھی نفرت کرتے ہیں ۔ (ن) لیگ کی قیادت اور ان کا خاندان عیش و عشرت سے بھرپور زندگی بسر کر رہا ہے لیکن مالی بحران کو جواز بنا کر اپنے گھروں میں کام کرنے والے غریب ملازمین کو نکالا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے کبھی بھی عوام کا درد محسوس نہیں کیا ،پہلے ان کے سارے اخراجات سرکار کے خزانے سے ادا ہوتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا بلکہ عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے عوام کابری طرح استحصال کیا لیکن ہم عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور اس کیلئے عملی اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ ہم یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ عوام کیلئے دودھ اور شہد کی نہریں بہاد ی ہیں لیکن ہم عملی طو رپیشرفت کر رہے ہیں اور کچھ وقت کے بعد اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری معیشت مضبوط ہو گئی تو اس کے بعد آسانیاں ہی آسانیاں ہیں اور ہم نے ترقی کی دیگر منازل طے کرنی ہیں او ردنیا سے مقابلہ کرنا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں