مڈ ٹر م انتخابات اور حکومت کا خاتمہ اپوزیشن کا خواب ہی رہے گا ،حکومت اپنی آئینی مدت پو ری کر ے گی، وزیر اعظم نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے ،اپوزیشن کی ذاتی مفادات کی سیاست قوم کے سامنے ایکسپوز ہو چکی ہے

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی ون لائف فائونڈیشن ہسپتال کے افتتاحی تقر یب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو

اتوار 19 جنوری 2020 16:30

لاہور۔19 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ مڈ ٹر م انتخابات اور حکومت کا خاتمہ اپوزیشن کا خواب ہی رہے گا ،حکومت 2023تک اپنی آئینی مدت کا آخری منٹ بھی پورا کر ے گی،اپوزیشن سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے ہر روز نیا شوشہ چھوڑ رہی ہے لیکن اپوزیشن میں اتحاد نام کی کوئی چیز نہیں، یہ سب اپنے سیاسی فائدے کا سوچ رہے ہیں ،ان کی ذاتی مفادات کی سیاست قوم کے سامنے بھی ایکسپوز ہو چکی ہے۔

وہ اتوار کے روز ون لائف فائونڈیشن ہسپتال کی افتتاحی تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر انر جی ڈاکٹر اختر ملک اور، محمد رمضان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ تحر یک انصاف جب سے حکومت میں آئی ہے اپوزیشن اس کے جانے کی باتیں اور دعوے کر رہی ہے مگر ہر بار ان کے دعوے جھوٹ ثابت ہوئے ہیں ،اب بھی مڈ ٹر م انتخابات یا ان ہائوس تبدیلی کا اپوزیشن کا خواب ایک خواب ہی رہے گا کیونکہ عوام وزیر اعظم عمران خان اور تحر یک انصاف کیساتھ کھڑے ہیں، یہ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت کی کامیاب پالیسوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا ہے کہ بے گھر افراد کے لئے نیاپاکستان ہائوسنگ،نوجوانوں کیلئے کامیاب نوجوان پروگرام،ہنر مندپاکستان پروگرام ،احساس پروگرام اورصحت کارڈ سمیت درجنوں عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی اور بیرونی سر مایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو چکا ہے غیرملکی سر مایہ کاری میں تیزی کیساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور کوئی شک نہیں کہ 2020 ء ملکی ترقی ،خوشحالی،استحکام اور روزگار کی فراہمی کا سال ثابت ہوگا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے پار لیمنٹ اور جمہوریت کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کو بھی مضبوط بنایا ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ادارے سیاسی مداخلت سے پاک ہوئے اور تمام فیصلے میرٹ کے مطابق ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط رہا ہے جو اپوزیشن والوں کو ہضم نہیں ہورہا۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ آئے روز کوئی نیاشوشہ چھوڑ نے کی بجائے پار لیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا مثبت کردار ادا کر ے، ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالیں اور ملک کو کامیابی کیساتھ آگے بڑ ھنے دیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مہنگائی جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ،ذخیرہ اندازوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی اور عوام کو ہر صورت ریلیف دیا جائیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں