پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہو گیا

منگل 21 جنوری 2020 01:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے بعد پی ایس ایل بھی رنگ جمانے کے لیے تیار ہے، پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہو گیا۔رواں ماہ کے آغاز پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 2020ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیاہے، 34 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی سٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل سٹیڈیم کراچی، 8 راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم اور 3 ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گی-پی ایس ایل 2020ء کا افتتاحی میچ دفاعی چیپمئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہو گا-پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹی سی ایس سنٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت آئندہ ہفتے شروع ہو گی، ملک بھر میں 30 سے زائد مراکز پر ٹکٹیں دستیاب ہوں گی۔

آن لائن بکنگ کے لیے ٹکٹوں کا مخصوص کوٹہ رکھا جائے گا۔سب سے مہنگے ٹکٹ افتتاحی میچ کے رکھے گئے ہیں، قیمت 6 ہزار روپے رکھی گئی ہے، پریمیم ٹکٹ 4 ہزار روپے میں جبکہ جنرل ٹکٹ 2500 روپے میں دستیاب ہو گا۔ 20 فروری کو افتتاحی تقریب کے علاوہ کوئٹہ گلیڈئیٹر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ ہو گا۔22 مارچ کو لاہور میں ہونے والے فائنل کی زیادہ سے زیادہ ٹکٹ 5 ہزار روپے ہو گی۔

زیادہ تر میچوں کے ٹکٹ کی قیمت 5 سو سے 3 ہزار روپے کے درمیان جبکہ کچھ میچز کے ٹکٹوں کی قیمت 250 روپے سے شروع ہو گی- پی سی بی کے ڈائریکٹربابرحامد کا کہنا ہے کہ ہم وعدے کرتے ہیں کہ شائقین کو سٹیڈیم لانے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے، ہم دنیا کو مہمان نوازی پیش کرنے کے خواہشمند ہیں ، اپنے مداحوں کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ فائدہ اٹھائیں اور پیشگی منصوبہ بنائیں۔

واضح رہے کہ شیڈول کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے چار میچز کراچی، تین لاہور، دو راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی، پشاور زلمی آئندہ ایڈیشن میں اپنے پانچ میچز راولپنڈی، تین کراچی جبکہ ایک ایک لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔پی ایس ایل 2020ء میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے 5 میچز راولپنڈی، تین لاہور اور دو کراچی میں کھیلے گی، کراچی کنگز اپنے پانچ میچز کراچی، دو دو لاہور اور راولپنڈی جبکہ ایک ملتان میں کھیلے گی۔لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطان اپنے پانچ میچز لاہور، تین ملتان جبکہ ایک ایک راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔ لاہور قلندر اپنے آٹھ میچز لاہور جبکہ ایک ایک کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں