تبدیلی سرکار کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے کے چودہ طبق روشن ہوگئے ہیں، محمد اشرف بھٹی

جمعرات 23 جنوری 2020 21:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2020ء) پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ سرکاری ا ور پرائیویٹ لوگوں کی تنخواہیں تو وہیں پر ہیں لیکن ان کے مسائل اور ان کے خرچوں میں تبدیلی سرکار کی طرف سے کی گئی مہنگائی کی وجہ سے کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ آٹا نایاب ہونے کے ساتھ ساتھ سبزیوں، دالوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور کردیا گیا ہے تبدیلی سرکار کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے کے چودہ طبق روشن ہوگئے ہیں۔

ایک طرف ڈالر کی قیمت بڑھنے سے روپے کی قدر میں 30فیصد سے زائد کمی ہوچکی ہے تو دوسری طرف مہنگائی میں بھی 40فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ بازار میں دالوں، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو آگ لگی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اشیاء خوردونوش اور ضروریات زندگی کی بات کی جائے تو رواں مالی سال کے دوران ٹماٹر 124فیصد، چینی 30فیصد اور دالیں 35فیصد تک مہنگی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قرضوں میں اضافے کی بات کی جائے تو حکومت کو پہلے ایک سال کے دوران پاکستان کا غیر ملکی قرضہ88ارب 19کروڑ 90لاکھ امریکی ڈالر تھا جبکہ ڈیڑھ سالوں میں 11سو ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ان کی تنخواہ میں ان کا اپنا گھر کا خرچہ پورا نہیں ہوتا۔ اگر وزیر اعظم لاکھوں روپے تنخواہ وصول کرنے کے باوجود اپنا گھر کا ماہانہ خرچہ برداشت نہیں کرسکتے تو وہ غریب مزدور جس کی تنخواہ تبدیلی کے دور حکومت میں صرف 12ہزار روپے ہے وہ کیسے اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالتا ہوگا بدقسمتی تو یہ ہے کہ حکومت کی ترجیحات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا شامل ہی نہیں ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکومت غریبوں کو مارنے کے لئے ہی اقتدار میں آئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں