حکمران مہنگائی اور ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف عوام کے سونامی کیلئے تیار ہو جائیں‘ذکر اللہ مجاہد

تبدیلی سرکار کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری میں سابقہ ادوار کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے‘احتجاجی مظاہرے سے خطاب

جمعہ 24 جنوری 2020 23:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمران مہنگائی اور ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف عوام کے سونامی کیلئے تیار ہو جائیں۔ تبدیلی سرکار کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری میں سابقہ ادوار کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے اور حکومت کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے کھل کر آگئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی کال پر مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم,امیر جماعت اسلامی ضلع سوات محمد امین،ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہورعبدالعزیز عابد,قائم مقام امیر جماعت اسلامی علاقہ غربی لاہور غلام حسین بلوچ اور دیگر قائدین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ تبدیلی سرکار نے اقتدار سے قبل قوم سے کیے تمام وعدوں اور دعووں کے برعکس مہنگائی اور بے روزگاری کے ذریعے غربیوں کی کمر توڑ دی ہے۔ تبدیلی سرکار نے 18 ماہ میں 88 فیصد سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کرکے صنعتوں کا پہیہ جام کردیا ہے۔ بجلی اور پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کرکے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں پچھلے ستر سالوں سے مفادات کی سیاست کرنے والے مافیا نے قوم کو مسائل اور بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ نقصان پارٹیاں اور جھنڈے تبدیل کرنے والے لوٹوں نے پہنچایا ہے جو اپنے لالچ اور مفادات کیلئے ملک و قوم کے ساتھ بے وفائی کرتے چلے آرہے ہیں اور آج بھی موجودہ حکومت میں اکثریت ایسے ہی افراد کی ہے جنہیں اپنے مفادات سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہمیشہ سے جماعت اسلامی نے کی اور آج قوم پر مہنگائی اور بے روزگاری کی جو نحوست چھائی ہے اور اس مہنگائی کے عذاب میں غریب اور عام آدمی کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف پوری قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور عوامی جنگ لڑنے کیلئے میدان میں نکل آئی ہے اور اب حکمران مہنگائی کے خلاف عوام کے سونامی کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔

بعدازں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد کی کال پرخضراء مسجد سمن آباد ، اکبر چوک ٹاون شپ ، بابر شہید مسجد چوک اور شاد باد ٹوکے والا چوک میں بھی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں