۷ حکومت کی حمایت جاری رکھیںگے،ہمارا خاندان جس کی حمایت کرتا ہے پھر اس کا ساتھ نہیں چھوڑتا،چودھری مونس الٰہی

جمعہ 24 جنوری 2020 23:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2020ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی نے کنجاہ کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ حکومت کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان کی روایت ہے کہ ہم جس کی حمایت کرتے ہیں پھر اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہماری پارٹی مکمل حمایت کرتی ہے ۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی بار ہا مرتبہ ان کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے بھی وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے کہا ہے کہ ہماری پارٹی وزیر اعظم کو مکمل سپورٹ کرتی ہے۔مرکز اور صوبے میں ہمارے خدشات کو دور کرنے کیلئے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے گجرات کے بنیادی مسائل کے حل کے حوالے سے کہا کہ میری اولین ترجیح ہے کہ اہلِ گجرات کے مسائل حل ہوں ۔ اس سلسلہ میں ہم نے صاف پانی کی فراہمی ، سٹرکوں کی تعمیر ، سیوریج اور دیگر منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے ۔بعد ازاں چودھری مونس الٰہی نے کنجاہ کا تعزیتی دورہ کیااور چودھری ساجد دلشاد کی والدہ کی وفات پر ، چودھری عبدالحمید کی وفات پر ، مرزا عارف کی وفات پر، سابق کونسلر مرزا خالد کی وفات پر ، چودھری نثار گوندل کے والد کی وفات پر ان کے گھروں میں جا کر فاتحہ خوانی اور گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ چودھری مونس الٰہی نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبرو جمیل کی دعا کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں