بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دیگر انٹرنیشنل ٹیموں کا اعتماد بڑھے گا اور وہ بھی پاکستان آئیں گی،سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کررہا ہے،عدنان ارشد اولکھ

جمعہ 24 جنوری 2020 23:45

لاہور۔24 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دوسری انٹرنیشنل ٹیموں کا اعتماد بڑھے گا اور وہ بھی پاکستان آئیں گی، جمعہ کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ شائقین کرکٹ کو پاک بنگلہ دیش ٹی 20کرکٹ سیریز سے اچھی کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے اس لئے ان کا فرض ہے کہ وہ بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں جس سے پاکستان کا دنیا میں بہترین تاثر قائم ہوگا، سپورٹس بورڈ پنجاب کے مستقبل کے پروگراموں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ نوجوانوں کا پسندیدہ کھیل ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہا ہے جس سے سپورٹس کو فروغ ملے گا، جلد ہی پہلی سپورٹس بورڈ پنجاب سنوکر چیمپئن شپ منعقد کی جارہی ہے جس میں پنجاب کے 9ڈویڑنز کے کھلاڑی حصہ لیں گے اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ اگلے ماہ کبڈی ورلڈ کپ بھی شروع ہورہا ہے جس میں بھارت سمیت 10ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں