صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا دورہ پریس کلب

صدر پریس کلب ارشد انصاری نے صحافیوں کے تحفظات سے آگاہ کیا

ہفتہ 25 جنوری 2020 18:26

لاہور۔25 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور گورننگ باڈی و سینئر صحافیوں سے ملاقات کی۔ملاقات میں صدر ارشد انصاری، نائب صدر قذافی بٹ، سیکرٹری بابر ڈوگر، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمدسمیت پی ایف یو جے ، پی یو جے، لاہور فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور سینئر صحافی شریک تھے۔

ملاقات میں صدر ارشد انصاری نے راجہ بشارت اور فیاض الحسن چوہان کو سی ٹی او کے حوالے سے صحافی برادری کے شدید تحفظات سے آگاہ کیا اور انہیں شواہد بھی پیش کئے کہ کس طرح سی ٹی او کے ایما پر وارڈنز صحافیوں اور عوام کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر چلا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظات درست ہیں ، دیکھنے اور سننے میں آیا ہے کہ ٹریفک وارڈنز صحافیوں اور عوام کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر چلا رہے ہیں جو کہ غیر قانونی ہے، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ دو روز میں پریس کلب گورننگ باڈی کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کروائی جائے گی جس میں صحافیوں سے زیادتی کا ازالہ کیا جائیگا۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ صحافیوں کے ساتھ ہیں ، پریس کلب میرا دوسرا گھر ہے ، صحافیوں کے ساتھ بد تمیزی اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی کارروائی برداشت نہیں کی جائیگی۔ صدر ارشد انصاری نے مزید کہا کہ سردار عثمان بزدار صحافی دوست وزیر اعلیٰ ہیں اور صحافیوں اور حکومت کے اچھے روابط ہیں ، میڈیا اور حکومت کو لڑوانے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں جاری صحافیوں کے احتجاج کو وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات تک موخر کرنے کا اعلان کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں