وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ

بین الاقوامی آمد لاؤنج میں کرونا وائرس کے تدارک کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا

اتوار 26 جنوری 2020 21:25

لاہور۔26 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2020ء) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر نے بین الاقوامی آمد لاؤنج میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ائیرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کرونا وائرس کے تدارک کیلئے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا اور ائیرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ لی۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے نئی کار پارکنگ اور اس سے ملحقہ آنے اور جانے والی سٹرکوں کا بھی تفصیلی دور ہ کیا ، اس موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نادر شفیع ڈار اور چیف آپریٹنگ آفیسر / ائیر پورٹ مینیجر علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ لاہور نذیر احمد خان نے انہیں نئی کارپکنگ کے سلسلہ میں کیے جانے والے انتظامی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی اور اس پروجیکٹ کی نمایاں خصوصیات کے بارے میں تفصیل سے بتایا، وفاقی وزیر کو بتا یا گیا کہ یہ ایک جدید ترین مکمل طور پر کمپوٹرائزد کار پارکنگ ہے ، اس میں گاڑیوں کی لوکیشن معلوم کرنے کا جدید کمپوٹرائزد نظام موجود ہے اور مکمل طور پر کلوز سرکٹ کیمروں سے لیس ہے۔

(جاری ہے)

اس پارکنگ میں بیک وقت 3500گاڑیاں پارک کی جا سکتی ہیں۔ اس پارکنگ کے آغاز سے ائیرپورٹ کی داخلی سٹرکوں پر گاڑیوں کی بلاکیج بھی نہیں ہوگی۔ بعدازاں وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کارگو تھروپٹ چارجز (سی ٹی سی) کے بارے میں چیف آپریٹنگ آفیسر / ائیر پورٹ مینیجر علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ لاہور نذیر احمد خان سے بریفنگ لی اور کارگو تھروپٹ چارجز (سی ٹی سی) کنٹرول روم اور کارگو کمپلیکس (امپورٹ / ایکسپورٹ) شیڈسزکا دورہ کیا، اس دوران ڈپٹی ائیر پورٹ مینیجر انور ضیاء، ویجیلینس اور کارگو تھروپٹ چارجز (سی ٹی سی) کے آفیسر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں