موجودہ حکومت سے پہلے پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ 19 ارب ڈالر سالانہ تھا‘ حکومت نے ایک سال کے دوران کرنٹ اکائونٹ خسارہ 75 فیصد تک کم کیا جو حکومت کی بڑی کامیابی ہے ، غیر ملکیوں اور اوور سیز پاکستانیوں کو اپنے ملک آمد پر بہترین سہولتیں دینا بہت ضروری ہے

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا پاکستان کسٹمز کے عالمی دن کی تقریب سے خطاب

اتوار 26 جنوری 2020 23:25

لاہور۔26 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2020ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سے پہلے پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ 19 ارب ڈالر سالانہ تھا‘ حکومت نے ایک سال کے دوران کرنٹ اکائونٹ خسارے کو 75 فیصد تک کم کیا جو حکومت کی بڑی کامیابی ہے‘پاکستان کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جس میںسب سے بڑا چیلنج معیشت کی بحالی کا ہے، افواج پاکستان‘ فورسز‘ انٹیلی جنس ایجنسیزکی مدد سے پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے ،بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو ایک محفوظ ملک قرار دیا جا رہا ہے، بین الاقوامی وفود اور کرکٹ ٹیمیں پاکستان کے دورے کر رہی ہیں۔

وہ اتوار کے روز واہگہ بارڈر پر پاکستان کسٹمز کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچیف کلکٹر زیبا اظہر‘ کلکٹر کسٹمز احمد رئوف‘کلکٹر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ باسط مقصود عباسی ,سابق ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس امتیاز احمد خان ‘فضل یزدانی خان اورسیزپاکستانی راجہ محمد مظہر سمیت کسٹمز افسران کثیر تعداد میںشر یک ہوئے جبکہ کسٹم حکام کی جانب سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی تلف کی گئیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے افواج پاکستان‘ فورسز‘ انٹیلی جنس ایجنسیزکی مدد سے پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے اب بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو ایک محفوظ ملک قرار دیا جا رہا ہے،ملک میں بین الاقوامی وفود اور کرکٹ ٹیمیں دورے کر رہی ہیں،انٹر نیشنل انٹر فیتھ ہارمنی کانفرنس لاہور میں منعقد ہو رہی ہے جس میں 35ممالک کے افراد شرکت کریں گے، یہاں انٹرنیشنل سٹوڈنٹ کانفرنس بھی منعقد ہونے جا رہی ہے جس میں 40ممالک کے طالب علم شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی سطح پر چیلنجز کا سامنا ہے‘ بھارت نے آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا‘ کشمیرکی حیثیت کو تبدیل کر دیا‘ یورپی پارلیمنٹ کے ممبران نے بھارتی اقدام کی مذمت کی قرارداد پیش کی‘ متنازعہ بھارتی شہریت قانون کیخلاف قرارداد پر 154 اراکین یورپی پارلیمنٹ نے دستخط کر دیئے ہیں جبکہ رواں ہفتے یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس میں قرارداد منظوری کیلئے پیش کر دی جائیگی‘ بل کسی کا اٰندرونی مسئلہ نہیں عالمی سطح کا ایشو ہوتا ہے‘ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے‘بھارت کے مسلمان‘ ہندو‘ سکھ بھی اس بل کیخلاف کھڑے ہو گئے ہیں‘ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ مختلف کمیونٹی سراپا احتجاج ہے‘ بھارت میں جو ترمیمی ایکٹ نافذ کیا اس کی دنیا میں مثال نہیںملتی کہ آپ ایک مذہب کو دوسری تمام کمیونٹی سے علیحدہ کردیں‘ ہم نے مقبوضہ کشمیر کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی‘ دنیا بھر کی پالیسیوں کی مذمت کر رہی ہے‘ پوری دنیا میں بھارت کی انتہاء پسندی کیخلاف احتجاج کیا جارہا ہے‘ مودی کی پالیسیوں سے بھارت کا زوال شروع ہو چکا ہے‘ پاکستان نے مودی کو پوری دنیا میں بے نقاب کر دیا ہے‘ انتہاء پسندی کا شکار قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ ریونیومیں60فیصد اضافے اور سمگلنگ میں ماضی کے مقابلے میں 115فیصد کمی پر کسٹمز افسران اور اہلکاروں کو بھر پور مبارکبا دپیش کر تاہوں اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر سمگلنگ ختم کر دی جائے تو اس سے پاکستانی معیشت سالوں نہیں مہینوں میں مزید مضبوط ہو سکتی ہے کسٹم کی کارکردگی قابل ستائش اور پاکستانی معیشت میں کردار اہم ہے غیر ملکی اور اوور سیز پاکستانیوں کو ملک آمد پر بہترین سہولتیں دینا ضروری ہے، کسٹم حکام کو اس ذمے داری کو پورا کرنے اور ادارے کا تاثر بہتر بنانا ہوگا ہمیں جدید اصولوں کے مطابق خدمات کو بہتر بنانا ہے ڈیڑھ سال میں پاکستان آنے والوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے کسٹم پاکستان کا چہرہ ہے، اس سے معلوم ہوتا ہے پاکستان کیسا ہے قومی اہداف پورے کرنے کے لیے کسٹم کا کردار اہمیت کا حامل ہے، لوگ کسٹم سے متعلق پریشانی نہیں چاہتے اوور سیز پاکستانی آمد پر خوش اسلوبی سے کسٹم سے گزرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مکمل نیک نیتی کیساتھ مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے حکومت کے بنیادی مقاصد میں معیشت کی ترقی اور عالمی تجارت بڑھانا ہے، برآمدات میں اضافے اور درآمدات کے لیے کسٹم کا کردار اہم ہے حکومت دیگر سرکاری اداروں کی طرح کسٹم کو بھی وسائل مہیا کرے گی۔گور نر پنجاب نے بہتر ین پر فارمنس کا مظاہر ہ کر نیوالے افسران اور اہلکاروں میں شیلڈ بھی تقسیم کی گئیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں