گڈگورنس ، خوشحالی پاکستان ، غربت ، کرپشن کے تمام نعرے ٹھس ہو گئے ‘رانا مبشر اقبال

عمران خان پاکستان کیلئے بحرانوں کی علامت بن چکے ہیں۔پی ٹی آئی کو اپنا نام تبدیل کرکے تحریک بحران رکھ لینا چاہیے

منگل 28 جنوری 2020 15:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ گڈگورنس ، خوشحالی پاکستان ، غربت ، کرپشن کے تمام نعرے ٹھس ہو گئے ، ریاست مدینہ بنانے والوں نے حج پیکیج میں ایک لاکھ پندرہ ہزار روپیہ بڑھا کرغریب لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت ہچکولے کھا رہی ہے اورپنجاب حکومت مکمل ناکام ہو گئی۔

خیبر پخونخواہ میںوزیر اعلیٰ اور سینئر وزیر آمنے سامنے جبکہ بلوچستان اسمبلی کے سپیکر بھی وزیر اعلیٰ کے خلاف میدان میں آگئے ہیںاور حکومت کے اتحادی بھی نالاں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستان کیلئے بحرانوں کی علامت بن چکے ہیں۔تحریک انصاف کو اپنا نام تبدیل کرکے تحریک بحران رکھ لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

حکومتی ترجمان اپنی ہر ناکامی کا ملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈالنے کا وطیرہ بدل لیں۔

چور ڈاکو کے لقب دینے والے خود چور ڈاکو قراردیے جا چکے ہیں۔آٹے اور چینی کے بحرانوں نے نالائق حکومت کو بے نقاب کردیا ہے۔ملک میں پچاس فیصد آٹے اور چینی کی سپلائی دینے والا مافیا حکومتوں کی صفوں میں بیٹھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا وفاق،پنجاب،کے پی اور بلوچستان فرد واحد کے رحم و کرم پر ہیں۔تینوں صوبوں کے وزراء اعلیٰ اپنی کابینہ میں بے اختیار ہو چکے ہیں۔

جبکہ وزیراعظم خود بے اختیار ہیں ۔تینوں صوبے چیف سیکرٹریز چلارہے ہیں۔تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے بہت جلد جعلی تبدیلی بند گلی میں داخل ہونے والی ہے۔بلوچستان اسمبلی کے سپیکر عبدالقدس بزنجو نے وزیراعلیٰ کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا اعلان کردیا ہے۔قوم کو آج بھی یاد ہے کہ بلوچستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت گرانے کیلئے کتنا پیسہ استعمال ہوا اور کس نے سازش تیار کی۔عمران خان کا کیا ہی اس کے سامنے آرہا ہے۔یہ سب کچھ مکافات عمل کے تحت ہو رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں