ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹوفیصل آباد آفس کے زیر اہتمام کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں ریٹا ئر افسران کے اعزاز میں الوداعی تقریب

منگل 18 فروری 2020 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2020ء) ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹوفیصل آباد آفس کے زیر اہتمام کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں ریٹائرہونے والے افسران کے اعزاز میں الوداعی تقریب۔ریٹائرہونے والے افسران میں جوائنٹ رجسٹرار کوآپریٹوز نثار احسن زیدی، پرنسپل کوآپریٹو ٹریننگ کالج فیصل آباد حسنین شاہد شیرانی ، سرکل رجسٹرار فیصل آبادچوہدری اکرم جاوید اور سرکل رجسٹرار چنیوٹ مہر غلام محمد جبہ شامل تھے۔

تقریب میں مہمانان خصوصی وزیر امدادباہمی مہر محمد اسلم بھروانہ اور سیکرٹری کوآپریٹو ز پنجاب احمد رضا سرور تھے۔ تقریب میںچیف آڈیٹر کوآپریٹوز محمد جمیل گھٹوالہ،جوائنٹ رجسٹرار فیصل آبادعمر دراز، ڈپٹی رجسٹرار فیصل آباد ملک اشفاق شاہد، اسسٹنٹ رجسٹرار فیصل آباد ڈاکٹر محمد عرفان اور وائس چیئرمین پی سی یو نواب انیس احمد خاں سمیت محکمہ امدادباہمی کے سینئر افسران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، اس کے بعد ہدیہ نعت ِرسول مقبول پیش کی گئی۔صوبائی وزیر امدادباہمی مہر محمد اسلم بھروانہ نے خطاب کرتے ہوئے ریٹائر ہونے والے افسران کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے لمبی عمر کی دعا کی۔انہوںنے کہا جیسا کہ آپ جانتے ہیںکہ انگریز دور میں برٹش گورنمنٹ نے ایک قانون نافذ کیا جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی سروس حد 60سال عمر مقرر کر دی۔

ما سوائے پولیٹیشن کے۔ ہماری کوئی حد نہیں ہے 90سال عمر والا بھی اِن سروس رہتا ہے۔ 60سال کی عمر کے بعد تبدیلیاں ضرور آتی ہے کیونکہ ہم بھی اس عمر سے گزر کے گئے ہیں سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب نے بہت اچھا مشورہ دیا ہے کہ فعال رہا جائے۔ جب کوئی سرکاری افسر ریٹائر ہوتا ہے تو اس کو بہت زیادہ بیماریاں لاحق ہو جاتی ہے اصل میں وہ ڈپریشن میں رہتا ہے بہت ساری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور جب کوئی پولیٹیشن اپوزیشن میں جاتا ہے تو اس کو بھی بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں۔

یہ سب سے بڑا اعزاز ہے کہ آپ باعزت طور پر ریٹائر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آپ لوگوں کی شہرت کے بارے میں سنا وہ بہت اچھی ہے اور یہی آپ سب کا اعزاز اور بہت بڑا تمغہ ہے۔آج کے دور میں اگرکسی سیاستدان کا نام زندہ ہے تو اس کے اچھے کاموں اور اچھی شہرت ہی اس کی وجہ ہے اور وہ لوگوں کے دلوں میں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیر شاہ سوری کو صرف پانچ سال ملے اور ان پانچ سالوں میں انہوں نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ ،محکمہ مال کی قلعہ بندی ، صحرائوں کا تعمیر ہونا، مسجدیں تعمیر کروانا، بندر گاہیں بنوانا اور جرنیلی سڑکیں بنوانا جیسی ڈویلپمنٹ ان کے اچھے کاموں میں شمار ہوتے ہیںجس کی وجہ سے بعد میں آنیوالے مغل حکمران بھی ان کے فالورز رہے اور وہ لوگوں کے دلوں میں آج بھی راج کرتے ہیںاور لوگ ان کی مثالیں دیتے ہیں۔

اگر آپ حضرات بھی اس طرح کے ڈیپارٹمنٹل انقلابی اقدامات کریں گے تو انشاء اللہ آپ کو بھی ضرور یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے سیکرٹری کوآپریٹو کی گفتگوکو بھی سراہا اور کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں 46سال سے زائد کا پولیٹیشن میںمیرا تجربہ ہے۔اللہ تعالیٰ نے مجھے بار بار موقعے دیئے ہیں۔ سیکرٹری کو آپریٹوز CSPآفیسرہیں میں CSPنہیں ہوں ،میں نے یونین کونسل کے چیئرمین سے سٹارٹ لیا تھا۔

پھر ڈسٹرک کونسل کا ممبر پھر چار دفعہ اسمبلی میں اور اس سے پہلے میںکیبنٹ ممبر بھی رہ چکا ہوں۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کا چیئرمین بھی رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب سے تقریباًً 4ملاقاتیں ہوئی ہیں انشاء اللہ آپ لوگوں کو ڈیپارٹمنٹ میں ایک بہت بڑی تبدیلی نظر آئے گی جس کے ہم خواہش مند تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بہت تجاویز دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو ایک تحریک کا نام ہے۔برٹش گورنمنٹ کے دور میں انگلینڈ میں 1866کے دور میں امدادباہمی کی ایک تحریک چلی تھی۔تحریک امدادباہمی 1904میں جب پاک و ہند میں پہنچی تواٴْسے ایک محکمہ کے طور پر متعارف کروایا گیا اور کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی بنیاد رکھی گئی۔ تحریک امدادباہمی کاجو بنیادی مقصد ہے ہم اس سے بہت پیچھے ہٹ چکے ہیں۔

ہم کوشش کر رہے ہیں کہ تحریک امدادباہمی کو اس کی اصل روح کے مطابق ٹریک پر لایا جائے۔ ہمارا سب سے پہلا مقصد کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کو بنیادی ضرورت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کوآپریٹو بینک صرف گولڈ پر لون دیتا ہے اور کچھ بھی نہیں کرتا، گزشتہ حکومتوں نے اس پر بہت ساری پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں ہم ان پابندیوں کو اٹھا رہے ہیں۔

انشاء اللہ آپ لوگوں کو آنیوالے دنوں میں بہت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ ہم کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے نئے لوگ لا رہے ہیں۔ آپ لوگوں نے محنت کرنی ہے ہماری سپورٹ ہمیشہ اچھا کام کرنے والوں کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے آخر میں ایک بار پھر ریٹائر ہونے والے افسران کو مبارکباد پیش کی

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں