لاہور،افسران کے سبزی منڈیوں کے دورے،نیلامی عمل مانیٹر کیا،بہترانتظامات کی ہدایت

بدھ 19 فروری 2020 23:52

لاہور۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) پنجاب حکومت کی ہدایات پرضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران نے سبزی منڈیوں کے دورے کیے ، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھانے کاچھا فروٹ و سبزی منڈی اوراسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے رائیونڈ فروٹ و سبزی منڈی کا دورہ کیا،اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن نے کاچھا سبزی و فروٹ منڈی میں آلو اور پیاز جبکہ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے رائیونڈ فروٹ و سبزی منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کے عمل کو مانیٹر کیا،افسران نے منڈیوں میں اشیاء ضروریہ کی فراہمی، دستیابی، سٹاک، شکایات رجسٹر، صفائی ستھرائی، تجاوزات اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا،افسران نے سبزی و فروٹ منڈیوں میں سبزیوں کی کوالٹی اور معیار کو بھی چیک کیا اور منڈیوں انتظامیہ کو سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، افسران نے گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی پر ذمہ داران کیخلاف سخت کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا بھی کہا اور منڈیوں میں انتظامات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی،افسران نے کہا کہ صارفین کی سہولیات کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں تاکہ انہیں خریداری میں کوئی مشکل درپیش نہ ہو، ڈی سی لاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی عمل کو شفاف بنانے کیلئے متحرک ہے، ذخیرہ اندوزی پر بھی قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں