اپوزیشن ’’ڈیلی ویجز ‘‘ کی سیاست کر رہی ہے، حکومت دبائو میں آئیگی نہ عوام انکے بہکاوے میں آئینگے ‘جمشیدچیمہ

ار ب ڈالر کا کمرشل ڈیڈ (ن) کی بڑی واردات ہے ،ان کی قیادت مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

جمعرات 20 فروری 2020 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشیداقبال چیمہ نے کہا ہے کہ 35ارب ڈالر کے قرضے میں 14ار ب ڈالر کا کمرشل ڈیڈ مسلم لیگ (ن) کی بڑی واردات ہے ، اپوزیشن اپنے حالات کو دیکھتے ہوئے ’’ڈیلی ویجز‘‘ کی سیاست کر رہی ہے لیکن اب ان کا کوئی فارمولہ کامیاب نہیں ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ چند خاندانوں نے ملک کی دولت کو بے دردی سے لوٹا اور اس کا خمیازہ آج پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان بہادری سے حالات اور چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں ، قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں انشا اللہ انہیں کامیابی ملے گی اور پاکستان کے بد خواہ ناکام اور نا مراد ہی رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کی رپورٹس سے ثابت ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے روپے کو مصنوعی طریقے سے کنٹرول کیا جس سے معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچی ۔

جب مسلم لیگ(ن) والوں پر واضح ہو گیا کہ آئندہ ان کی حکومت نہیں آئے گی تو انہوں نے ایک سازش کے تحت جان بوجھ کر ایسے اقداما ت کئے جس کے معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ۔وزیراعظم عمران خان چیلنجز سے گھبرانے والے نہیں اور انہوں نے حالات کا مقابلہ کر کے اس کا عملی ثبوت دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی کے کارکنان قیادت کی لوٹ مار کی وجہ سے ان سے متنفر ہوچکے ہیں اور خاموشی سے بیٹھے ہوئے ہیں۔اپوزیشن اس وقت’’ ڈیلی ویجز ‘‘ کی سیاست کر رہی ہے ، ان کے دبائو میں آئے گی اور نہ عوام ان کے بہکاوے میں آئیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں