عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل، منصوبے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے مکمل کیے جائیں گے،رہنماء پی ٹی آئی مومنہ وحید

جمعرات 20 فروری 2020 15:10

لاہور۔20 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل اور عوامی منصوبے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے مکمل کیے جائیں گے، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے کوآرڈینیشن کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے روز جاری اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ماڈل تھانوں کی تعداد بڑھائی جائے گی،منتخب نمائندوں کی ترجیحات کے مطابق ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے اور ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں انصاف ہوگا۔مومنہ وحید نے کہا کہ حافظ آباد میں یونیورسٹی کے منصوبے کو آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا، کھاریاں منڈی بہائوالدین روڈ کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی،سکولوں اور ہیلتھ سہولیات کو اپ گریڈ کرکے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اراکین اسمبلی کی مشاورت سے تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کیلئے فنڈز دیں گے، گوجرانوالہ ڈویژن کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بھی وسائل مہیا کیے جائیں گے، منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا،ہم سب نے ٹیم ورک کے طورپر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔

انہوںنے کہا کہ وزارت اعلیٰ صرف عہدہ نہیں بلکہ بہت بڑی ذمہ داری ہے ،عوام کی خدمت مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے، سابق حکمرانوں نے صوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو نظر انداز کیا۔ انہوںنے کہا کہ ماضی میں ذاتی نمائش کیلئے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کیے گئے، شوبازی کا دور گزر چکا ، اب صرف کام ہوتا ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی حقیقی خوشحالی کیلئے سماجی شعبوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں