پنجاب حکومت کی ہدایات‘محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے زیر اہتمام کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد

آلودگی پر قابو پانے کے پروگرام پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی‘ڈی او پاپولیشن نوید شوکت

جمعرات 20 فروری 2020 22:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ پاپولیشن ویلفیئر قصور کے زیر اہتمام کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت گزشتہ روز آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نوید شوکت، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر قصور سمیرا دلاور، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ٹیکنیکل سمیہ سنبل، تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر قصور سعدیہ صدیق، پروجیکشنسٹ محمد عمر بشیر،وویمن میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصمہ قیوم، انچارجز فلاحی مراکز اور دیگر ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نوید شوکت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع کو سرسبز و شاداب بنانے اور آلودگی پر قابو پانے کے پروگرام پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

کلین اینڈ گرین پروگرام کے حوالے سے عوامی شعور بیداری کیلئے یونین کونسل لیول پر تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا تا کہ عوام الناس کو زیادہ سے شجرکاری کیلئے آگاہی فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسمی تغیرات کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کو سنگین خطرات درپیش ہیں اور عوامی شرکت سے ان چیلنجز پر سوفیصد قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام انچارجز فلاحی مراکز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی سطح پر عوامی تعاون کیساتھ صفائی ستھرائی اور شجرکاری شعور کو اجاگر کر کے کلین اینڈ گرین پروگرام کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اپنے حصے کا ایک ایک پودا لگائیں اور اس کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

بعدازاں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نوید شوکت نے افسران کے ہمراہ اپنے آفس میں پودا لگایا اور بھٹہ چوک سے اسٹیل باغ چوک تک کلین اینڈ گرین پروگرام کی آگاہی کیلئے واک کی گئی جس میں محکمہ کے افسران اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں