بادشاہی مسجد لاہو رمیں سا لانہ حضرت سیدنا صدیق اکبر ؓ کانفرنس کا انعقاد

ہفتہ 22 فروری 2020 00:03

لاہور۔21 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب و امام اور مجلس علماء پاکستان کے مرکزی چیئر مین مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ امیر المؤمنین خلیفہ اول حضرت سیدنا صدیق اکبر ؓ کے فضائل ومناقب تمام انبیاء علیم السلام کے بعد ساری انسانیت میں سب سے زیادہ ہیں ‘ وہ مردوں میں سب سے پہلے ایمان لائے اورہمیشہ کفار مکہ کے سامنے ڈٹے رہے ‘ایک مرتبہ آپ پر کفار مکہ نے ظلم ستم کے پہاڑ گرائے حتیٰ کہ آپ بیہوش ہو گئے‘جب ہوش میں آئے تو سب سے پہلے اپنے آقا حضور نبی کریم ﷺ کی خیریت دریافت کی ‘آپ ؓکا طرز حکومت ایک صحیح فلاحی نظام پر مبنی تھا ‘آپ ؓنے خدمت انسانیت کی روشن مثالیں قائم کیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزیہاں تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد لاہو رمیں مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ عظیم الشان حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری وچیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب سید گلزار حسین شاہ،ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری و ڈائریکٹر ایڈمن راؤو ندیم اختر نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف سید گلزار حسین شاہ نے کہا کہ ہم سب حضرت سیدنا صدیق اکبر ؓ کے شیدائی اور غلام ہیں ان کا طرز حکومت تمام مسلمان حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے ‘انہوں نے بیت المال کی حفاظت کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں‘ حضرت سیدنا صدیق اکبر ؓ نے اپنے دور خلافت میں غریب عوام کی خدمت اور محروم طبقے کی خوشحالی کیلئے بیت المال اور اپنے ذاتی مال سے جس سخاوت کا آغاز فرمایا تھا حکومت پنجاب بھی آپ ؓکے نقش قدم کی پیروی کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہتی ہے اور محکمہ اوقاف کے پلیٹ فارم سے اسے عام کرنا چاہتی ہے ‘انہوں نے کہا کہ حضرت سیدناابو بکر صدیقؓ سخاوت کے عظیم سرچشمہ اور منبع تھے‘کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیقؓ بہت اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کے مالک تھے ‘آپ ؓ نے اپنے دور خلافت میں فلاحی حکمرانی کے اصولوں کو منظم کیا اور اعلیٰ طرز حکمرانی کو آگے بڑھایا ‘کانفرنس سے تمام مسالک کے جید علماء کرام ومشائخ عظام نے اپنے خطابات میں کہا کہ امیر المؤ منین حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ نے اپنے دور خلافت میںبڑے بڑے فتنوں کو سرکوبی کی ‘ اور غلبہ اسلام کیلئے دن رات کوششیں کیں ‘آپ ؓنے اسلام دشمنوں کے ابھرتے ہوئے تمام فتنوں کو موقع پر ختم کیا ‘مقررین نے کہا کہ آپ ؓ نے بیت المال کی حفاظت کیلئے اعلیٰ نظام قائم کیا ‘ اور غریبوں یتیموں بچوں اوربیوائوں کی خدمت کیلئے بیت المال سے وظائف جاری فرمائے‘ آپ ؓ کا دور خلافت تاقیامت پوری انسانیت کی راہنمائی کرتا رہے گا‘کانفرنس میں مولانا سردار محمد خان لغاری‘ شیخ الحدیث مفتی مبشر احمد نظامی‘ علامہ رشید ترابی ‘ مولانا شکیل الرحمن ناصر‘ پیر ولی اللہ شاہ ‘ مولانا نعیم بادشاہ ‘ مولانا مجیب الرحمن انقلابی‘ پرو فسیر عبد الحمید ‘ مولانا مفتی سیف اللہ خالد‘ مفتی سید عاشق حسین شاہ ‘ مولانا عبد الرحمن ‘ فیصل بلال حسان ‘ شیخ عامر ناروے ‘ فیصل درانی ‘بلال احمد میر‘صاحبزادہ سید عبد القدیر آزاد‘ مولانا عبد الستار نیازی ‘ صاحبزادہ سید عبد البصیر آزاد ‘سید عبد الکبیر آزاد‘ ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد محمد علی ‘حافظ سید محمد عبدالرزاق آزاد‘ حافظ محمد سید عبد الرازق آزاد‘ حافظ پیر محمد شاہ حسین ‘و دیگر علماء کرام نے شرکت کی ‘کانفرنس میں پولیو سے بچاؤ کیلئے حکومت پنجاب کی آگاہی مہم کو عام کرنے کیلئے تمام علماء کرام نے زور دیا کہ آگاہی مہم کو گھر گھر تک پہنچایا جائے تاکہ اس موذی مرض سے اپنے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ‘آخر میں افواج پاکستان اور ملکی سلامتی ادارے اور وطن عزیز پاکستان کی حفاظت و خوشحالی اور ترقی کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں