تحریک انصاف این اے 124کے ٹکٹ ہولڈر چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں ، کونسلروں اور کارکنان کاغلام محی الدین دیوان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 22 فروری 2020 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2020ء) تحریک انصاف این اے 124کے ٹکٹ ہولڈر چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں ، کونسلروں اور کارکنان جن میںپی پی 146سے تعلق رکھنے والے وقاص جٹ، زاہد پرویز بٹ، فیصل ڈار، خاورمحمود،چوہدری عمر، ریاض شاہ، عباد احمد، حاجی اویس، شیخ نعیم، حارث بٹ جبکہ پی پی 147سے کرامت گجر، عاصم مغل، حاجی جمشید، ظفر خان، شیخ اشفاق، علی قمر، خورشید سبحانی، لیاقت میر سمیت سینکڑوں کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے نئی تنظیم سازی کی آڑ میں پارٹی کے نظریاتی اور مخلص کارکنوں کو سازش کے تحت کھڈے لائن لگانے کے خلاف شمالی لاہور کے صدر غلام محی الدین دیوان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اسے فوری طور پر ہٹانے اورپارٹی کے درینہ اور مخلص کارکنوں کو پی پی 146 اور پی پی 147کے ٹکٹ ہولڈر رہنمائوں کی مشاورت سے عہدے دینے کا مطالبہ کیا ہے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں مظاہرین نے تحریک انصاف پنجاب کے آفس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھاہمیں پاکستان تحریک انصاف میں 20سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے ہم نے انتہائی مشکل حالات میںمسلم لیگ (ن) کے سب سے مظبوط قلعوں میں کام کیا ہے پارٹی کی خاطر رشتے داروں کی ناراضگیاں مول لیں دوستوں سے راستے الگ کئے تمام اخراجات اپنی جیب سے کرتے رہے ہیں۔ آج جبکہ پارٹی اقتدارمیں آچکی ہے پارٹی کارکنوں کو ان کی خدمات کے صلہ دینے کی بجائے نو واردیوں کے ذریعے انہیں ذلیل و رسوا کیا جارہا ہے۔

اس میں بہت سے گھس بیٹھئے شامل ہوگئے ہیں۔جن کو پارٹی میں شامل ہوئے کچھ ہی عرصہ ہوا ہے لیکن ان کوپتہ نہیں کن خدمات کے تحت پارٹی میں بڑے عہدوں پر لگا دیا گیاہے۔ان میں سرفہرست غلام محی الدین دیوان ہے۔جو پارٹی کے نظریاتی اور مخلص ورکر ذاتی انا کے چکر میں نذر انداز کرکے پتا نہیںکونسے افراد کو نواز رہا ہے اور اس معاملے میں پی پی 146 اور پی پی 147 کے ٹکٹ ہولڈرز سے بھی مشاورت کرنا گوارہ نہیں کرتاہے اس تمام کاروائی کا واحد مقصد کارکنوں میں پھوٹ ڈلوانا ہے۔

لیکن این 124کے تمام کارکن متحد اور اپنے قائد عمران خان کے ساتھ ہیںاور ایسے فصلی بٹیروں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ہم نے پی پی 146 کے ٹکٹ ہولڈر ملک زمان نصیب اور پی پی 147 کے ٹکٹ ہولڈرطارق سعادت کو بھی آگاہ کر دیا ہے کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو ہمارے ساتھ ہونے والی زیادتیوں سے آگاہ کریں اور پارٹی کو سازش کے ذریعے نقصان پہنچانے والے غلام محی الدین دیوان کو اس کے عہدے سے فوری طورپر فارغ کریں ورنہ ہم احتجاج کا دائرہ کار بڑھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں