ملک میں مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ‘ ادارہ شماریات

ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کم ہو کر 15.97 فیصد پر آگئی ،گزشتہ ہفتے 13اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں

ہفتہ 22 فروری 2020 22:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ہے جس کے سبب ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کم ہو کر 15.97 فیصد پر آگئی ۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ انہی دنوں میں یہ شرح 20 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ گزشتہ ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں جبکہ 9 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے انڈے 6 روپے ، چکن 10 روپے سستا ہوا۔ٹماٹر 3 روپے ،چینی، آلو، گڑ، لہسن، دال چنا، مسور اور آٹا بھی سستا ہوا ۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی، دال ماش اور مونگ کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ہوئی ہے۔ پیاز کی قیمت ساڑھے دس روپے بڑھ نے کے بعد 66 روپے فی کلو ہوگئی ۔چاول، گھی، سرسوں کا تیل، دہی اور گوشت کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے بریڈ سمیت 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکا م رہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں