پاکستان کے دشمن سن لیں‘ آپ جب بھی کوئی شرارت کرنا چاہیں گے پاکستان آپ کو سرپرائز دے گا‘مسرت جمشید چیم

منگل 25 فروری 2020 20:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) 27 فروری کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کوتاریخی سرپرائز دے کر اس کا گھمنڈ خاک میں ملایا۔ حکومت پاکستان اس تاریخی دن کو سرپرائز ڈے کے طور پر منا رہی ہے جبکہ بھارت اس دن کو ہمیشہ یوم ندامت کے طور پر یاد رکھے گا۔پاکستان کے دشمن سن لیں آپ جب بھی کوئی شرارت کرنا چاہیں گے پاکستان آپ کو سرپرائز دے گا۔

ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے پنجاب یونیورسٹی میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ''سرپرائز ڈے ''کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ائیر وائس مارشل (ر)ر ساجد حبیب،بریگیڈیئر (ر) وحیدالزماں، بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن، پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید سمیت دیگراساتذہ و طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ تقریب میں سرپرائز ڈے کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اس نے ہمیشہ اپنے عمل سے اس کا ثبوت دیا ہے لیکن بھارت غلط فہمی میں مبتلا ہوکر اسے ہماری کمزور ی سمجھتا ہے۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے عددی برتری کے زعم میں مبتلا بھارت کو 27 فروری کو تاریخی سرپرائز دے کر اس کا گھمنڈ خاک میں ملایا۔

ا نہوں نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے نہ صرف 2 بھارتی طیاروں کو تباہ کیا بلکہ ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو زندہ گرفتاربھی کیا گیا۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے امن پسندی اور سٹیٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتار بھارتی پائلٹ کو فوری رہا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ائیر فورس کے شاہینوں ونگ کمانڈر نعمان علی اور سکاڈرن لیڈر حسن صدیقی کا کارنامہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔

بھارت اور ابھی نندن اپنے طیاروں کی تباہی اور ہماری چائے کبھی نہیں بھولیں گے۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اللہ کریم کے فضل اور بہادر افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت ہم ہمیشہ سرخرو ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ایک پیج پر ہے اور ہم اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پاکستان کے دشمنوں کیلئے پیغام ہے کہ آپ جب بھی کوئی شرارت کرنا چاہیں گے پاکستان آپ کو سرپرائز دے گا۔پاکستان کی افواج وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے ہر وقت تیارہیں اس کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا جذبہ رکھتی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں