ملک کے معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں ، ہمایوں اختر خان

بدھ 26 فروری 2020 14:31

ملک کے معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں ، ہمایوں اختر خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے مسلم لیگ (ن) یا پیپلزپارٹی کی قیادت کی مرضی کے مطابق نہیں بلکہ آئین و قانون کے مطابق چلنا ہے ،نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے فیصلے پر حکومت کو سیاسی انتقام کا طعنہ دینے والے بتائیں اب تک کونسا علاج ہوا ہے اور میڈیکل رپورٹس کے پاکستان پہنچنے میں کیا رکاوٹ ہے ،پاکستان نے خارجہ محاذ پر بڑی کامیابیاں سمیٹی ہیں اور ان کے دورس نتائج مرتب ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 131کے دورہ کے موقع پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل محمد رمضان چوہدری کی اہلیہ اور چوہدری یاسین سوہل کی بھابھی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے کہا کہ اب یہ طے ہو گیا ہے کہ پاکستان نے آئین و قانون کے مطابق چلنا ہے اس لئے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کوماضی کی من مانیوں کی عادت کو ترک کرنا ہوگا ، معزز عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کہا ہے کہ نواز شریف کو قیام میں توسیع کیلئے پنجاب حکومت سے اجازت لینا ہو گی ، خصوصی کمیٹی کے سامنے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ایک بھی ایسی ٹھوس میڈیکل رپورٹ پیش نہیں کی گئی جس پر ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ہو سکے اس لئے حکومت پر تنقید بلا جواز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں اور انشا اللہ جیسے جیسے وسائل میسر آئیں گے انہیں عوام پر خرچ کیا جائے گا اور اس کیلئے پیشرفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ملک کی کشتی کو منجدھار سے نکالنے کیلئے حکومت کا ساتھ دینے کیلئے پر عزم ہیں اسی لئے اپوزیشن کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں