صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، ترقیاتی سکیمیں مکمل کرنے کیلئے فنڈز منظور

بدھ 26 فروری 2020 22:45

لاہور۔26 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی37ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی5ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 3 ارب 33 کروڑ 44لاکھ 69ہزار روپے کی منظوری دیدی، اس حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حامد یعقوب شیخ نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ سمیت متعلقہ صوبائی محکموں کے اعلی افسران ، پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران، سینئر چیف کوآرڈینیشن جاوید لطیف، اسسٹنٹ چیف کوآرڈینیشن سید نوید اقبال اور پلاننگ آفیسر کوآرڈینیشن محمد راشد نے شرکت کی،صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں جن 5سکیموں کی منظوری دی گئی ہے ،ان میں وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر اور تھلیسیمیا یونٹ کی اپ گریڈیشن کیلئے ایک ارب 17 کروڑ 30 لاکھ 61 ہزار روپے، وزیرآباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی استعداد کار بڑھانے کے سلسلہ میں ضروری مشینری اور سامان کی فراہمی کیلئے 70 کروڑ 42 لاکھ 8 ہزار روپے ، صوبہ پنجاب میں بنیادی صحت مراکز کی سولرائزیشن (فیز1) کیلئے 44 کروڑ 94لاکھ روپے، صوبہ پنجاب میں بنیادی صحت مراکز کی سولرائزیشن (فیز 2) کیلئے 64 کروڑ 74 لاکھ 67 ہزار روپے اور صوبہ پنجاب میں سند یافتہ پلانٹس کے ذریعے پھلوں کی پیداوار کو فروغ دینے کیلئے 36 کروڑ 3 لاکھ 33 ہزار روپے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں