ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ واینٹی رائٹ فورس کے کنونشن کا انعقاد

جمعرات 27 فروری 2020 17:59

لاہور۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعیدکی ہدایت پر ڈولفن ہیڈ کوارٹرز والٹن میںڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ و اینٹی رائٹ فورس کے سپیشل دستوں پر مشتمل کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ معروف ماہر تعلیم و موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ مہمان خصوصی تھے ۔اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید،ایس پی ڈولفن سکواڈ عائشہ بٹ،ایس پی سکیورٹی بلال ظفر،ڈولفن سکواڈ، پیرو اور اینٹی رائٹ کے افسران اور جوانوں نے کنونشن میں شرکت کی۔

ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید نے ماہر تعلیم قاسم علی شاہ کا ڈولفن سکواڈ ہیڈ کوارٹر آمد اور پولیس فورس کا مورال بلند کرنے کے لئے تبادلہ خیال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لاہور پولیس کم وسائل،نامساعد حالات اور شدید دبائو میں بہترین خدمات فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

محمد نویدنے کہا کہ پولیس افسران اور جوان امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمہ کے لئے دن رات کام کرتے ہیں۔

ڈولفن سکواڈ کا ہرسپاہی جدید پولیسنگ کے حوالے سے مثبت تبدیلی کاعلمبردار ہے۔کرائم فائٹر کی حیثیت سے ڈولفن فورس کی کارکردگی انتہائی حوصلہ افزا رہی ہے۔ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور اینٹی رائٹ فورس کے جوان لوگوں میں احساس تحفظ پیداکرنے کے علاوہ خوش اخلاقی اور مثبت رویے سے مثالی خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔معروف ماہر تعلیم و موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی ،معاشرے کی تعمیر و ترقی اور اصلاح میں پولیس کا کردار کسی جہاد سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرائم کنٹرول اور ملک و قوم کی حفاظت کرتے ہوئے پولیس کے سینکڑوں جوان شہادت کا رتبہ پا چکے ہیں۔پولیس جاب بہت کٹھن ہے تاہم پولیس فورس کو چاہئے کہ تنقید ، تضحیک اور تمام تر دبائو کے باوجود فرائض منصبی دلجمعی سے ادا کرتے رہیں،اجر کی توقع صرف اللہ سے رکھیں۔نیک نیتی اور مثبت سوچ کے ساتھ ڈیوٹی دینے والے جوانوں کا درجہ کسی مجاہد سے کم نہیں۔

پولیس جاب اہم ترین فریضہ ہے، اسے معتبر سمجھ کر تقدس کی نگاہ سے دیکھیںاورخدمت خلق پرفخر کریں۔قاسم علی شاہ نے کہا کہ وہ شہر میں کرائم کنٹرول اور کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے ڈولفن سکواڈ اور پیرو کی کامیابیوںکے بے حد معترف ہیں۔انہوں نے کہا اینٹی رائٹ فورس کا لا ء اینڈ آرڈراور احتجاج کنٹرول کرنے نیز امن و امان یقینی بنانے میں کلیدی کردار ہے۔پولیس جوان چیلنجز کا سامنا ایمان کی طاقت سے کریں،آپ ہر امتحان میں ضرورکامیاب ہونگے۔ڈولفن سکواڈ اور اینٹی رائٹ کے جوانوں نے قاسم علی شاہ سے فرائض میں حائل دشواریوںاور کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے سوالات کئے اور رہنمائی حاصل کی ۔ ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید نے قاسم علی شاہ کو اعزازی شیلڈ اور تحائف بھی پیش کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں