دوران ڈیوٹی بہادری ، جرات اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے افسرو اہلکاروں کے اعزاز میںسی پی او میں تقریب

جمعرات 27 فروری 2020 17:59

لاہور۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران جرات ، بہادری اور فرض شناسی کا مثالی مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی پنجاب پولیس کی روایت ہے جس کا مقصد انہیں پہلے سے زیادہ جوش و جذبے اور خلوص نیت کے ساتھ عوام کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم پیشہ افراد کے قلع قمع کیلئے سرگرم عمل رکھنا ہے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اچھی کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی اتنی ہی ضروری ہے جتنی فرائض میں بددیانتی اور غفلت دکھانے والوں کو سزا دینااور محکمہ پولیس میں سزاو جزا کے اس بامقصد عمل کو ہرسطح پر جاری رکھا جائے گا ۔ انہوں نے ڈکیتی، قتل، اغوا ء برائے تاوان سمیت جرائم کی سنگین وارداتوں کو کامیابی سے ٹریس کرنے والے افسران واہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی حفاظت اور خدمت کو اپنی جانوں پر مقدم رکھنے والے افسر واہلکار پولیس فورس کا قابل فخر سرمایہ ہیں جن کی مثالی کارکردگی باقی فورس کیلئے مشعل راہ ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں کیش انعام اور تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران مختلف اضلاع سے آئے افسر واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میںڈرائیورز کو قتل کرکے گاڑیاں لے کر فرار ہونے والے بین الصوبائی گینگ کی گرفتاری پر سرگودھا ریجن کی ٹیم کو نقد انعام اور سی سی ون سرٹیفکیٹ دئیے گئے ۔جدید طریقہ تفتیش سے جڑانوالہ کی کم سن بچی فضہ نور کو اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کرنے والے سفاک قاتل کو گرفتار کرنے پرانسپکٹر عمران حیدر انوسٹی گیشن کو25000نقد اور سی سی ون سرٹیفکیٹ دئیے گئے ۔

ضلع اٹک میں اغوا ہونے والے 11سالہ بچے کی بحفاظت بازیابی ،7,00,000/- روپے تاوان کی رقم بمعہ 2پسٹل اور ایک گاڑی برآمد کروانے پر پولیس ٹیم میں شامل افسران و اہلکاروں کو نقد انعام اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ۔ضلع راوالپنڈی کے T/ASI ماجد جہانگیر نے پولیس کی کارکردگی پر ایک گانا لکھنے ، کمپوز کرکے تیار کرنے پر انعام دیا گیا۔ڈیرہ غازی خان ریجن میں 8سالہ بچی مہرین بی بی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو ٹریس کرنے پر ایس ڈی پی او محمد ریاض حسین اورسب انسپکٹر عمار یاسر کو سی سی ون سرٹیفکیٹ اور کیش انعام دئیے گئے جبکہ ساہیوال میں بینک ڈکیتی میں ملوث گینگ کو گرفتار کرنے پر ڈی ایس پی انعام الحق کو Letter of Appreciation دیا گیا ۔

تقریب میں لاہور، راولپنڈی،ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخورہ، سرگودھا، ساہیوال اورڈی جی خان ریجن سے تعلق رکھنے والی52افسران و اہلکاروں میں 6لاکھ35ہزار روپے کی انعامی رقم اور سی سی ون سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں میں سابق آر پی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر اور سی پی اواشفاق احمد خان نمایاں تھے جنہیں سینئر سول جج جڑانوالہ پر حملے کرنے والے ایڈووکیٹ محمد عمران کی گرفتارکرکے پولیس اور وکلاء کے درمیان ممکنہ محاذ آرائی ختم کروانے پر Letter of Appreciation دئیے گئے ۔

کمپیوٹرائزڈ ضمنی کا سافٹ وئیر ڈویلپ کرنے انویسٹی گیشن پولیس لاہور کے حافظ مباحر علی کو ایک لاکھ روپے اور سی سی ون سرٹیفکیٹ جبکہ انسپکٹر محمد صدیق اور انسپکٹر غلام عباس کو 50ہزار روپے اور تعریفی اسناد دی گئیں۔ شیخوپورہ ریجن کی ٹیم کے آٹھ افسران واہلکاروں کو 177مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈکیت گینگ کو گرفتار کرنے پر نقد انعام اور سی سی ون سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ۔

ملتان ریجن میں دومختلف کیسزمیں 4 پولیس افسران و اہلکاروں کو انعامات اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا جن میں قتل اور ڈکیتی کی واردات میں مطلوب ملزم محمد بلال کا CNICنمبر حاصل کرکے اسے ٹریس کرنا اور منشیات فروشوں کے خلاف قابل ذکر کاروائیاں شامل تھیں ۔ گوجرانوالہ ریجن میں08 مختلف کیسزمیں 13پولیس افسران و اہلکاروں کو انعامات اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا ۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے افسران و اہلکاروں کو تاکیدکی کہ وہ اچھی پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھیں ، محکمہ پولیس انکے اعزاز میں تقاریب کا انعقاد جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ تقریب اس پالیسی کا تسلسل ہے جس کے مطابق فرائض منصبی کو جانوں پر مقدم رکھنے والے افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور اس بات کا اعتراف بھی ہے کہ محکمہ پولیس میں جہان غلطیوں پر سرزنش کی جاتی ہے وہیں فرض شناسی اور شاندار کارکردگی کو سراہا بھی جاتا ہے ۔

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ بی اے ناصر، ڈی آئی جی ویلفیئر شارق کمال صدیقی،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سید خرم علی، اے آئی جی ایڈمن انور کھیتران سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں