او آئی سی کو بھارتی مسلمانوں کی آواز بننا چاہیے ،

گجرات میں ظالم مودی کے دور میں مظالم جاری رہے بھارتی مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و ستم پر عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک ہے، پیر محفوظ مشہدی

جمعرات 27 فروری 2020 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سینیر رہنما پیر سید محمد محفوظ مشہدی اور جے یو پی کے سیکرٹری جنرل مولانا سردار محمد خان لغاری نے کہا ہے کہ بھارتی مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و ستم پر عالم اسلام کی خاموشی افسوسناک ہے ۔او آئی سی کو بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کی آواز بننا چاہیے ۔

مساجد، مدارس اور مسلمانوں کی بستیوں پر انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس کے غنڈوں کے ساتھ بھارتی پولیس بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور ہندوتوا جیسے متعصبانہ رویوں کی بنیاد پر ظلم کیا جارہا ہے۔ ایسا رویہ مسلمانوں کے خلاف پہلا نہیں ہے۔پہلے بھی گجرات میں ظالم مودی کے دور میں مظالم جاری رہے ہیں۔یہ باتیں انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

پیر محفوظ مشہدی نے افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم حکمرانوں کو کسی قسم کی فکر ہی نہیں کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر مسلمانوں کے ساتھ ظلم و ستم ہورہا ہے ۔عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔مسیحی اور یہودیوں کے خلاف دنیا میں ہونے والے کسی بھی واقعہ پر واویلا کرنے والی انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھی خاموش ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلمان ممالک خاص طور او آئی سی اور عرب لیگ غیر ت ایمانی کا مظاہرہ کریں اور امت واحدہ کا ثبوت دیتے ہوئے بھارت میں مسلمانوںکے قتل عام پر احتجاجی ریکارڈ کروائیں، مگر افسوس ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا۔

ان کاکہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو بھی بھارت سے شدید احتجاج کرنا چاہیے، محض بیان بازی کافی نہیں۔ پاکستانی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے حکمرانوں کو بھارتی مسلمانوں کی آواز بننا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں