آئی جی پنجاب کے احکامات پرصوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزی اور دفعہ144کی خلاف ورزی پرکریک ڈائون جاری، ذخیرہ اندوزی پر132 ‘ دفعہ 144کی خلاف ورزی پر 4845مقدمات درج

ہفتہ 28 مارچ 2020 16:30

لاہور۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے احکامات پر صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں دفعہ 144کے نفاذ، لاک ڈائون اورکورونا وائرس کے متعلق حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروارہی ہے تاکہ وبائی وائرس کورونا کے پھیلائو کو کم سے کم کرکے شہریوں کی قیمتی جانوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

اسی سلسلے میں صوبے بھر میں ڈی پی اوز کی زیر نگرانی پولیس ٹیمیں محکمہ صحت اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں ، نہ صر ف قائم کئے گئے قرنطینہ سنٹرز کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے بلکہ عوام کی جان ومال کے تحفظ ، سہولت اور کورونا سے بچائو کے شعور کیلئے آگاہی مہم بھی جاری ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت فیس ماسک ، ہینڈ سینیٹائزراور دیگر ضروری سامان و اشیاء ذخیرہ کرکے زیادہ منافع کی لالچ میںمہنگے داموں فروخت کرنے والے سفاک ذخیرہ اندوزوں کو پابند سلاسل کیا جارہا ہے تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کے مسائل میں کمی لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 16 مارچ سے صوبے کے تمام اضلاع میں دفعہ144کی خلاف ورزی پر مقام و مرتبے کا لحاظ کئے بغیرقانون شکنوں کے خلاف بلاتاخیر کاروائیاں جاری ہیں ، اسی سلسلے میں پولیس ٹیموں نی28مارچ تک 4845مقدمات کا اندرج کیا۔خلاف ورزی کرنے والی 9015افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سی3274گرفتار،جبکہ 565کووارننگ دے کر چھوڑا گیا ۔اسی طرح پرائس کنٹرول اورذخیرہ اندوزی ایکٹ کی خلاف ورزی پر کاروائیوں کے دوران پولیس ٹیموں نے 132مقدمات درج کئے اور141ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کو قانون شکنوں کے خلاف کاروائی میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ لاک ڈائون کے حوالے سے حکومتی احکامات پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف ضابطے کی کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ فیلڈ ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکار کورونا وائرس سے بچائو کی احتیاطی تدابیرپر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنائیںاورپولیس ٹیمیں شہریوں کی سہولت کیلئے دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کروبائی مرض کے تدارک کیلئے ہونے والے اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں