کورونا متاثرین کی بحالی کے لیے لانگ اور شارٹ ٹرم پیکج متعارف کروانے کا فیصلہ ‘ قرنطینہ میں مقیم افراد کے خاندانوں میں راشن کی تقسیم کیلئے ساڑھی11 ارب روپے جاری‘ لاک ڈاؤن سے متاثرہ یومیہ اجرتی ملازمین کیلئے 10ارب کا تعارفی پیکج ‘ایس ایم ایزکے تحفظ کے لیے رواں مالی سال 18بلین سے زائد کے صوبائی ٹیکس معطل‘ طبی عملہ کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ‘ کورونا سے متاثر ہو کر شہید ہونے والے عملہ کے خاندان کو شہدا ء پیکج کے تحت مالی معاونت فراہم کی جائے گی‘صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت

اتوار 29 مارچ 2020 00:20

لاہور۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2020ء) صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کورونا متاثرین کی بحالی کے لیے لانگ اور شارٹ ٹرم پیکج متعارف کروا رہی ہے‘ شارٹ ٹرم پیکج کے تحت متاثرین کی فوری بحالی جس میں مرض کی تشخیص، علاج معالجے کی سہولیات،قرنطینہ میں زیر نگرانی مستحق افرادکے خاندانوں میں راشن کی تقسیم اور لاک ڈاؤن کے دوران یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کی مالی معاونت شامل ہے‘ مرض کی تشخیص، علاج اور قرنطینہ میں مقیم افراد کے خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے لیے اب تک محکمہ صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو اب تک ساڑھی11 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں‘ لاک ڈاؤن سے متاثرہ یومیہ اجرتی ملازمین کے لیے 10ارب کا تعارفی پیکج متعارف کروایا جا رہا ہے‘ جس کا اطلاق اسی ہفتے کر دیا جائے گا‘ ایس ایم ایزکے تحفظ کے لیے رواں مالی سال میں 18بلین سے زائد کے صوبائی ٹیکس معطل کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں پنجاب فنانشیل پیکج برائے کرونا متاثرین کے حوالے سے پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے فنانشل پیکج کا دوسرا پہلو لانگ ٹرم ہے جس کے تحت کورونا کے صوبائی معیشت پر منفی اثرات کا تدارک یقینی بنایا جائے گا‘ اس مقصد کے لیے آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 100ارب سے زائد کی ایسی سکیمیں متعارف کروائی جا رہی ہیں جو بیروزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گی‘صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں فوری بحالی پیکج کے تحت محکمہ صحت کو ان کی سفارشات کے مطابق فنڈز کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ صحت سے متعلقہ سہولیات تعطل کو شکار نہ ہوں‘ اس کے علاوہ طبی عملہ کی خدمات کو خراج تحسین کے لیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جا رہی ہے‘ خدمات کے دوران کورونا سے متاثر ہو کر شہید ہونے والے عملہ کے خاندان کو شہدا ء پیکج کے تحت مالی معاونت فراہم کی جائے گی‘ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 25لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کے لیے 4ہزار روپے ماہانہ وظائف کا پیکج وزیر اعظم کے بحالی پیکج کے ساتھ ایک اضافی مراعات ہو گا‘مستحق خاندانوں تک رسائی کے لیے ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ کمشنرزکے تحت کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں‘ مستحق افراد ایک سادہ فارم پر آن لائن معلومات فراہم کر سکیں گے تاکہ کرونا کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی پر عمل ممکن ہو‘ اس مقصد کے لیے واٹس ایپ کے ذریعے موصول ہونے والے فارم بھی قابل قبول ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں