حکومت کورونا کے حوالے سے شارٹ ٹرم او رلانگ ٹرم پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

عوام سے اپیل ہے گھروں تک محدود رہیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہوں ‘ سیکرٹری جنرل انصاف ویلفیئر ونگ

اتوار 29 مارچ 2020 13:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، انصاف ویلفیئر ونگ کے سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے تناظر میں اب تک محکمہ صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ساڑھی11 ارب روپے کی خطیر رقم جاری کی جا چکی ہے ، لاک ڈائون سے متاثرہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کے لئے رواں ہفتے پیکج کا اعلان کر کے اس کا اطلاق بھی کر دیا جائے گا ،ایس ایم ایزکے تحفظ کے لیے رواں مالی سال میں 18ارب سے زائد کے صوبائی ٹیکسزمعطل کر دئیے گئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے حلقہ این اے 127کے پارٹی رہنمائوں سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے شارٹ ٹرم او رلانگ ٹرم پالیسی پر عمل پیرا ہے ، شارٹ ٹرم پالیسی میں کورونا کے پھیلائو کو روکنے، تشخیص، طبی سہولیات اور لوگوں کی فوری مالی معاونت ہے اور اس پر بروقت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے فنانشیل پیکج کا دوسرا پہلو لانگ ٹرم ہے جس کے تحت کورونا کے صوبائی معیشت پر منفی اثرات کا تدارک یقینی بنایا جائے گا ، اس مقصد کے لیے آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 100ارب سے زائد کی ایسی سکیمیں متعارف کروائی جا رہی ہیں جو بیروزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب 25لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کے لیے 4ہزار روپے ماہانہ وظائف کا پیکج وزیر اعظم کے بحالی پیکج کے ساتھ ایک اضافی مراعات ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ خود کو گھروں تک محدود رکھیں او رحفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہوں ، ان اقدامات کے ذریعے ہی ہم اس وباء پر قابو پا سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں