شہباز شریف کے مایوسی پھیلانے سے واضح ہوگیا ہے وہ اپنی سیاست چمکانے کیلئے وطن واپس آئے :

ترجمان پنجاب حکومت ,وزیر اعلیٰ کی ہدایات پرکورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے طبی عملے کو ہر طرح کا حفاظتی سامان فراہم کیا جارہا ہے ماضی میں زلزلہ ،سیلاب زدگان کے فنڈز کھائے گئے ،وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں ایسا نہیں ہو گا : مسرت جمشید چیمہ

بدھ 1 اپریل 2020 00:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے مایوسی پھیلانے اور منفی پراپیگنڈے سے واضح ہوگیا ہے کہ وہ اپنی سیاست چمکانے کیلئے وطن واپس آئے ہیں، موجودہ حالات میں اگر شہباز شریف اور ان کے حواری اپنی مفادات پر مبنی سیاست کو قرنطینہ کر لیں تو ان کا ملک و قوم پر احسان عظیم ہوگا ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے طبی عملے کو ہر طرح کا حفاظتی سامان فراہم کیا جارہا ہے ، عوامی مقامات کو ڈ س انفیکشن کرنے کا عمل بھی تیز کر دیاگیا ہے ۔

اپنے بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ شہباز شریف وزیر اعظم عمران خان اورسردار عثمان بزدار سے تعصب کی وجہ سے بیشک سندھ حکومت کی تعریفیں کریں لیکن پنجاب کی عوام میں مایوسی پھیلانے اور منفی پراپیگنڈے سے باز رہیں ، آج عوام سوال کر رہے ہیں کیا شہباز شریف اسی مقصد کے لئے بیرون ملک سے واپس آئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم نے ایک قوم بن کر کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کرنا ہے لیکن شہباز شریف اور ان کے حواری اس مقصد میں رکاوٹ بن رہے ہیں،انشا اللہ یہ مشکل وقت بھی کٹ جائے گا لیکن عوام منفی سیاست کو فروغ دینے والوں کا ضرور احتساب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماہرین بھی کہہ چکے ہیں کہ مکمل لاک ڈائون سے عوام کی مشکلات بڑھیں گی ،مسلم لیگ (ن)کی قیادت اپنے عزائم بتائے وہ کیا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں زلزلہ اور سیلاب زدگان کے فنڈز کھائے گئے لیکن یہ دعویٰ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں ایسا نہیں ہوگا اور عوام کا حق ان کی دہلیز تک پہنچے گا ،حکومت کی بہترین کاوشوں کے باوجود مسلم لیگ (ن)کا منفی پراپیگنڈا ملک و قوم کی خدمت نہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردارعثمان بزدار نے تمام ضلعی اداروں کو عوامی مقامات کی ڈس انفیکشن کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ، ٹیسٹنگ کرنے کی صلاحیت میں اضافے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سخت فیصلوں کے ذریعے عوام کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہتی اسی لئے لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو رہا کیا جارہا ہے لیکن عوام سے درخواست ہے کہ وہ اپنے گھروں پر ہی رہیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں