حکومت ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف،فیلڈ میں کام کرنے والے پولیس جوانوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنا نے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘ راجہ راشد حفیظ

جمعرات 2 اپریل 2020 00:20

لاہور۔یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2020ء) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف،فیلڈ میں کام کرنے والے پولیس جوانوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنا نے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے شہر کے مختلف حصوں کا دورہ اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب آصف محمود کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)انوار الحق سے ڈی سی آفس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت کی جانب سے منظور کئے گئے معاشی پیکجز کی تقسیم بھی آئندہ دو تین روز تک شروع ہو جائے گی‘انہوں نے کہا وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے گھروں میں محصور لوگوں کیلئے معقول پیکج دیا جا رہاہے جس کی تقسیم میں کسی قسم کی سیاسی یا دیگر وابستگی نہیں دیکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس امداد کے علاوہ صاحبان ثروت اپنے حلقہ اثر میں غریبوں اور مستحق لوگوں کی مدد کو یقینی بنائیں تاکہ اس مشکل وقت میں وسائل نہ رکھنے والے افراد معاشرہ کو معاشی تنگی کا سامنا نہ کرنا پڑے‘ ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ تمام متعلقہ عملہ پوری طرح الرٹ ہے شہر کے مختلف قرنطینہ سنٹروں میں رکھے گئے مریض کی اکثریت روبہ صحت ہے اور مجموعی طور پر صورتحال کنٹرول میں ہے۔

دریں اثناء راجہ راشد حفیظ نے حلقہ پی پی 16کے مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں