مزدوروں کے اڈوں پر تیار کھانے،راشن اورنقد امداد کی تقسیم کے باعث بھکاریوں نے بھی مزدوروں کا روپ دھار لیا

مزدوروں کے مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں بھکاریوں کے ساتھ نشئیوںنے بھی ڈیرے ڈال لئے ، حقداروں کی حق تلفی ہونے لگی

جمعہ 3 اپریل 2020 13:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے لاک ڈائون کی وجہ سے روزانہ اجرت کمانے والے مزدور سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ پروفیشنل بھکاریوں اور نشئیوں کی وجہ سے انہیں امداد کے حصول میں بھی شدید مشکلات کاسامناہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر میں راج ،مزدوروںاورلوڈنگ او ران لوڈنگ کا کام کرنے والوں کی بڑی تعداد مختلف مقامات پر جمع ہوتے ہیں جنہیں ’’اڈا ‘‘ کہاجاتا ہے اور لوگ کام کی مناسبت سے مزدوری طے کرکے انہیں یہاں سے اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔

لاک ڈائون کی وجہ سے گھروں اور مارکیٹوں میں کام کاج نہ ہونے کے باوجود یہ مزدور روزانہ دیہاڑی ملنے کی آس لگائے اپنے اڈوں پر پہنچتے ہیں ۔ مخیر حضرات او رمختلف فلاحی تنظیموں کی جانب سے مزدوروں کے اڈوں پر تیا ر کھانا ، راشن اور نقدامداد کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے جسے دیکھتے ہوئے پروفیشنل بھکاریوں نے بھی ان دنوں مزدوروں اور محنت کشوں کا روپ دھار لیا ہے اور وہ بھی مزدوروں کے اڈوں پر ڈیرے ڈال کر بیٹھ گئے ہیںجبکہ مختلف مقامات پر نشئی بھی امداد ملنے کے رجحان کو دیکھتے ہوئے یہاں پہنچ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مزدوروںکا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں مخیرحضرات اور فلاحی تنظیمیں کچھ نہ کچھ مدد کر تی ہیںلیکن عام دنوں میں بھیک مانگنے اورنشہ کرنے والوں نے بھی یہاں ڈیرے ڈال لئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی حق تلفی ہو رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں