پاکستان حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہے،ملک مبشر علی گوگا

اتوار 5 اپریل 2020 15:45

لاہور۔5 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے راہنما ملک مبشر علی گوگا نے کہا کہ بھارت میں مکمل لاک ڈاؤن کے اعلان بعد سامنے آنے والے انسانیت سوز واقعات نے ثابت کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دور اندیش لیڈر کا ثبوت دیتے ہوئے درست فیصلہ کیا،حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اورمشکلات کا شکار ہونے والے افراد کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن وسائل خرچ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہاں اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے انصاف امداد پروگرام کے تحت امداد کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیاہے اور تمام مراحل شفافیت کے ساتھ مکمل کئے جارہے ہیں، صوبے میں ایک بھی مستحق امداد سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ پاکستان اب حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہے اور انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب قائد اعظم محمد علی جناح کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مخیر حضرات کا کردار قابل تحسین ہے اور حکومت مشکل وقت میں مستحق خاندانوں کی مدد کرنے والوں کی شکر گزارہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں