(ن) لیگ کو حکومت کے خلاف بیان بازی سے کچھ نہیں ملنے والا‘ صوبائی وزیر اطلاعات

عثمان بزدار کے خلاف شہباز شریف اور انکے چیلوں چانٹوں کے پیٹ میں اٹھنے والے مروڑ سمجھ میں آتے ہیں‘فیاض الحسن چوہان

اتوار 5 اپریل 2020 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2020ء) صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ (ن)لیگ کو وزیرِ اعظم عمران خان اور سردار عثمان بزدار کے خلاف بیان بازی سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کچھ دن سے اپنے حواریوں کے ساتھ مل کر عمران خان اور سردار عثمان بزدار پر تنقید کر رہے ہیں،شہباز شریف کورونا سے لڑنے لندن سے پاکستان آ کر قوم کو جتا رہے ہیں، انہیں یاد دلادو کہ وہ پاکستان میں قائدِ حزبِ اختلاف ہیں، انگلینڈ کے نہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف صاحب آپ نے پاکستان آ کر بائیس کروڑ عوام پر کوئی احسان نہیں کیا، یہ آپ کا فرض تھا، جو آپ صحیح طریقے سے ادا نہیں کر رہے، آپ کو تو چاہیئے تھا کہ ملک سے لوٹے کھربوں روپے سے چند ارب روپے حکومتِ پاکستان کے کورونا فنڈ میں جمع کرواتے،شہباز شریف، ان کے حواری اور (ن)لیگ کے کرتا دھرتا عملی خدمت کے میدان میں آئیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف سردار عثمان بزدار کی چوکنا قیادت میں اقدامات کو قومی اور انٹرنیشنل میڈیا سرا رہا ہے،عثمان بزدار نرم دمِ گفتگو، گرم دمِ جستجو کے فلسفے کے حامی ہیں،سردار عثمان بزدار کے خلاف شہباز شریف اور انکے چیلوں چانٹوں کے پیٹ میں اٹھنے والے مروڑ سمجھ میں آتے ہیں،وزیرِ اعلی پنجاب نے ڈیڑھ ماہ بغیر بڑھکیں مارے، اچھلے کودے اور بغیر ڈانس کیے عوام کی خدمت کی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں