لاہور پولیس کا گداگروں کے خلاف مختلف مقامات پر کریک ڈائون

گداگر مخیر افراد کو پریشان اور حقدار مستحق افرد کی حق تلفی کرتے ہیں‘ ذوالفقار حمید

منگل 7 اپریل 2020 18:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) سی سی پی او ذوالفقار حمید کے حکم پر لاہور پولیس نے گداگروں کے خلاف مختلف مقامات پر کریک ڈائون کرکے انہیں حراست میں لے لیا۔ آپریشن کا مقصد کورونا بحران سے متاثرہ ضرورتمند افراد میں راشن تقسیم کرنے والوں کو مشکلات سے بچانا ہے۔ کارروائی تھانہ مناواں، داتا دربار، باٹا پور، لیاقت آباد، کاہنہ، ماڈل ٹائون، سوئی گیس سوسائٹی، نشتر کالونی اور ریس کورس کے علاقوں میں کی گئی۔

(جاری ہے)

سی سی پی او ذوالفقار حمید نے لاہور کی تمام پولیس ڈویژنز میں انسداد بھیکاری مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گداگر نہ صرف مخیر افراد کو پریشان بلکہ حقدار مستحق افرد کی حق تلفی بھی کرتے ہیں۔ پیشہ ور بھیکاریوں کو کورونا پھیلانے کی کھلی چھوٹ نہیں دی جاسکتی۔ چوکوں اور گلی محلوں میں بھیک مانگنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ بھیک مانگنا غیرقانونی اقدام ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر گداگروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ جمع کرائی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں