صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی زیر صدارت کورونا کے حوالے سے اہم اجلاس

اقلیتی برادری کے تمام رہنمائوں کاحکومت پنجاب کے ساتھ اظہار یکجہتی تمام شرکا ء کی جانب سے صوبہ بھر کی مذہبی عبادت گاہوں میں ہنگامی حالات تک اجتماعات نہ کرنے کا تہیہ

بدھ 8 اپریل 2020 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2020ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی زیر صدارت کیتھیڈرل چرچ میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایم پی اے ہارون عمران گل،آرچ بشپ سبسٹین شاہ،بشپ عرفان جمیل،ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل،پاسٹر شوکت انور فضل، پاسٹر لیاقت قیصراور دیگر گرجا گھروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام اقلیتی رہنمائوں نے پنجاب حکومت سے مکمل اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متفقہ فیصلہ کیا کہ جب تک ملک میں ہنگامی صورتحال برقرار رہے گی تب تک صوبہ بھر کے تمام گرجا گھروں کو مذہبی عبادات کے لئے بند رکھا جائیگا ۔اجلاس میں صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین کی اپیل پر تمام اقلیتی مذہبی رہنمائوں کی جانب سے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کی مذہبی عبادات بھی سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ حکومت پنجاب کی طرف سے آن لائن عبادات کی اجازت دی گئی تاکہ کسی کو بھی عبادت کے حق سے محروم نہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے اس موقع پر تمام اقلیتی مذہبی رہنمائوں کی جانب سے مکمل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور ملک بھر میں کورونا کی صورتحال میں شدت کی وجہ سے رضاکارانہ طور پرصوبہ بھر میں تمام گرجا گھر،گردوارے اور مندر وغیرہ پہلے سے ہی بند ہیں تاہم اب گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کی آمد ہے جس پر اقلیتی برادری کی بہت بڑی تعداد مذہبی عبادتگاہوں میں شرکت کرتی ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا کے باعث ہنگامی حالات چل رہے ہیں اسلیئے خواہاں ہیں کہ وائرس کے پھیلنے کے خدشہ کی وجہ سے مذہبی عبادات کا سلسلہ روکا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ تحریک انصاف کے دور حکوت میں تمام مذہبی اقلیتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں جبکہ اس بات سے بخوبی آگا ہ ہیں کہ کسی کا بھی عبادت گاہوں میں نہ آنا بلا شبہ ایک تکلیف دہ عمل ہے مگر تمام قوم کا ایک ہی فیصلہ دانشمندی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں