محکمہ زراعت زرعی منڈیوں سے پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی یقینی بنارہا ہے ‘نعمان لنگڑیال

منڈیوں میں ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے، صوبہ بھر میں پھل اور سبزیات عوام کی ڈیمانڈ کے مطابق موجود ہیں کرونا وائرس کی صورتحال میں زرعی منڈیاں معمول پر مقرر کردہ احتیاطی تدابیرکے مطابق اپنا کام سرانجام دے رہی ہیں ‘صوبائی وزیر

جمعرات 9 اپریل 2020 12:53

محکمہ زراعت زرعی منڈیوں سے پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی یقینی بنارہا ہے ‘نعمان لنگڑیال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق محکمہ زراعت زرعی منڈیوں سے پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی یقینی بنارہا ہے اور صوبہ بھر کی زرعی منڈیوں میں ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔ صوبہ بھر میں پھل اور سبزیات عوام کی ڈیمانڈ کے مطابق موجود ہیں ۔

یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ کرونا وائرس کی صورتحال میں زرعی منڈیاں معمول پر مقرر کردہ احتیاطی تدابیرکے مطابق اپنا کام سرانجام دے رہی ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ہدایات پر عمل پیرا ہیں۔زرعی منڈیوں سے عوام کو پھلوں، سبزیات اور دالوں وغیرہ کی معمول کے مطابق فراہمی جاری ہے۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے مزید کہا ہے کہ زرعی منڈیوں میں عوام الناس کی آگاہی کیلئے کرونا وائرس سے احتیاطی تدابیر بارے صوبہ بھر کی فروٹ و سبز منڈیوں میں 11سو سے زائدبینرز،فلیکسیز وغیرہ بھی آویزاں کئے ہیں اور تمام زرعی منڈیوں میں 1 سو96 ہیلپ ڈیسک سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ یہاں آنے والے افراد کوکورونا وائرس سے بچنے کیلئے آگاہی فراہم کی جا سکے تاکہ وہ ان ہدایات پر عمل کر سکیں۔

اس موقع پر چیئرمین پامرا نوید انور بھنڈر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر کی زرعی منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں اور تمام منڈیوں میں جراثیم کش ادویات کا سپرے کیا گیا ہے۔حاضر ڈیوٹی عملہ کو تھرمل سکینرز،ماسک،ہینڈ سینیٹائزرزاور ہاتھ دھونے کیلئے صاف پانی،صابن اور دیگر اشیا بھی مہیا کی گئی ہیں۔ زرعی منڈیوں میں متعین عملے کو ان جاری کردہ ایس او پی ایز پر کاربند رہنے کی ہدایات بھی کیں اور عوام الناس سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔زرعی منڈیوں میں مقرر کردہ عملہ عوام کو بہترین سروسز فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں