افشاں لطیف کا دلبرداشتہ ہو کر تمام درخواستوں کو لاہور پریس کلب کے سامنے سڑک پر نذر آتش کرتے ہوئے شدید احتجاج

جمعہ 10 اپریل 2020 00:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2020ء) کاشانہ ویلفیئر ہوم کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے اقراء کائنات کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کیلئے دی گئی درخواستوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے دلبرداشتہ ہو کر تمام درخواستوں کو لاہور پریس کلب کے سامنے سڑک پر نذر آتش کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا، اس موقع پر افشاں لطیف نے کہا کہ کاشانہ میں زیر کفالت کم عمر بچیوں کی شادی اور معصوم بچیوں کو جنسی حراساں کرنے والا مافیا اتنا طاقتور ہے کہ وہ اپنے مذموم مقاصد کیلئے بچیوں کو قتل بھی کر دیتے ہیں اور ان کے خلاف قانون حرکت میں نہیں آتا، وہ اتنے بااثر ہیں کہ ان کو موجودہ نظام تحفظ دیتا ہے بلکہ یہی نہیں پولیس افسران ان مقدمات بارے درخواست دائر ہونے پر اس مافیا کے ذریعے ترقیاں حاصل کرتے ہیں اور مالی طور پر بھی مفادات حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

افشاں لطیف نے کہا کہ ہم جنگل کے قانون میں نہیں رہ رہے اور نہ ہی دور جہالت میں زندگی گزار رہے ہیں، آج میں اقراء کائنات کے قتل کا مقدمہ درج نہ ہونے پر دلبرداشتہ ہوں اور مقدمہ درج کرنے کی غرض سے دی گئی درخواستوں کو لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجاً نذر آتش کر رہی ہوں ، ہو سکتا ہے اس ملک کا قانون بنانے والے اس بات کو سمجھ کر کاشانہ سکینڈل میں ملوث مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں