پی سی بی نے عمر اکمل کا معاملہ چیئرمین ڈسپلنری پینل کے سپرد کر دیا، ترجمان

جمعہ 10 اپریل 2020 00:30

لاہور۔9 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2020ء) پی سی بی نے عمر اکمل کا معاملہ چیئرمین ڈسپلنری پینل کے سپرد کر دیا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق اس بات کا جائزہ لینے کے بعد کہ عمر اکمل نے اینٹی کرپشن ٹریبونل کے سامنے سماعت کی درخواست نہیں کی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کا معاملہ ڈسپلنری پینل کے چیئرمین کے سپرد کردیا ہے۔

ڈسپلنری پینل کے چیئرمین لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان ہیں۔ پی سی بی نے یہ فیصلہ عمر اکمل کے جواب کے تمام مندرجات کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے، جس میں پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت اینٹی کرپشن ٹربیونل کے سامنے سماعت کے لیے تحریری درخواست نہیں کی گئی۔کوڈ کے آرٹیکل 4.8.1 کے تحت چیئر مین ڈسپلنری پینل اب نوٹس آف چارج میں مخصوص جرائم کی تصدیق کرتے ہوئے پابندی سے متعلق فیصلہ سنائیں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ڈسپلنری پینل کی جانب سے فیصلہ آنے تک پی سی بی اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کا آرٹیکل 2.4.4 کسی بھی فرد کی جانب سے کرپشن کی پیشکش کے بارے میں پی سی بی ویجلنس اینڈ سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کو (بغیر کسی غیر ضروری تاخیر سی) آگاہ نہ کرنا ہے۔آرٹیکل 4.8.1کے تحت ان حالات میں اینٹی کرپشن ٹربیونل میں سماعت کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ اس کی بجائے ڈسپلنری پینل کے چیئرمین نوٹس آف چارج کا جائزہ لینے کے بعد ایک عوامی فیصلہ جاری کریں گے جس میں جرم کی توثیق کی جائے گی۔

اس فیصلے کو جاری کرنے سے قبل چیئرمین ڈسپلنری پینل قومی کرکٹ فیڈریشن، متعلقہ فریق، پی سی بی کے ویجلنس اینڈ سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ اور آئی سی سی کو تحریری نوٹس جاری کریں گے۔آرٹیکل 6.2 کے تحت آرٹیکل 2.4.4 کی خلاف ورزی کا جرم ثابت ہونے پر سزا 6 ماہ سے تاحیات پابندی مقرر ہے۔واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سی17 مارچ 2020 کو عمر اکمل کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا اورعمر اکمل کو 20 فروری 2020 کو عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا۔_

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں