سیکرٹری صنعت و تجارت ظفر اقبال کی زیر صدارت اجلاس، صوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹس کی تنصیب سے متعلق درخواستوں پر پیش رفت کا جائزہ

جمعرات 4 جون 2020 17:10

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) سیکرٹری صنعت و تجارت کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے حوالے سے درخواستوں پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری صنعت و تجارت کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے پیش نظر پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا وقت کی ضرورت ہے، نئے سیمنٹ پلانٹس لگنے سے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے حوالے سے درخواستوں پر پیش رفت تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ مقررہ وقت کے اندردرخواستوں کی منظوری اور کاروائی یقینی بنائیں اور ہر درخواست کی منظوری کے عمل اور درخواست کے موجودہ سٹیٹس سے مکمل باخبر رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو باخبر رکھنے کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنے اداروں میں سیکشن افسر تعینات کر یں اور سرمایہ کاروں کے لئے مسائل پیدا کر نے کی بجائے انہیں سہولتیں دیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں نئے سیمنٹ پلانٹس کی تنصیب نئی سرمایہ کاری کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگی اور متعلقہ محکمے آئندہ 3 ماہ میں تین نئے سیمنٹ پلانٹس کی تنصیب کا ہدف حاصل کرنے کے لئے محنت سے کام کریں۔ اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے حکام نے ڈیرہ غازی خان سیمنٹ پلانٹ درخواست پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے ہدایت کی کہ محکمہ صنعت و تجارت کا اکنامک ایڈوائزر ونگ متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ملاقات کر کے درخواست گزار کو صورتحال سے آگاہ کرے، ڈی جی خان سیمنٹ پلانٹ کی درخواست کی منظوری کا عمل تیز ی سے مکمل کیا جائے۔

ایڈیشنل ڈی جی ٹریننگ پی آئی ٹی بی صائمہ شیخ نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران ہفتے میں ایک بار متعلقہ محکموں کا ویڈیو لنک اجلاس بلایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں