5جولائی پاکستان اور انسانی جمہوری تاریخ کا تاریک ترین دن ہے‘ حسن مرتضیٰ

نیازی کی فسطائی حکومت ضیا الحق حکومت کا تسلسل ہے‘ پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب

اتوار 5 جولائی 2020 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2020ء) پیپلزپارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ 5جولائی پاکستان اور انسانی جمہوری تاریخ کا تاریک ترین دن ہے، ،ضیاالحق نے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کیا ،مارشل لا ء پاکستان سے جمہوریت کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کی سازش تھی۔

5جولائی کے دن کے حوالے سے اپنے بیان میں حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ضیا الحق کے تاریک دور میں جمہوریت پسند افراد کو بدترین بریت کا نشانہ بنایاگیا، آزاد آوازوں کو خاموش کیا گیا، آمر ضیا نے انتہاپسندی اور دہشتگردی کے فروغ کے ساتھ ساتھ اس ملک کے جمہوری ڈھانچے کو تباہ کیا، ضیا الحق سیاست میں کرپشن اور معاشرے میں بنیاد پرستی، مذہبی انتہا پسندی لے کر آیا۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے کہا کہ ضیا الحق کے طویل مارشل لا ء نے پاکستانی سماج کو زہر آلودہ کرکے انتہا پسند بنادیا، ضیا نے اقتدار پر قبضہ کرکے سیاسی جماعتوں، میڈیا، مزدور اور طلبا ء تنظیموں کو مارشل لا ء کے ذریعے کچلا۔ انہوں نے کہا کہ نیازی کی فسطائی حکومت ضیا الحق حکومت کا تسلسل ہے،ضیا الحق کی فکر و فلسفے کو اپناتے ہوئے نیازی سیاسی انتہا پسندی اور نفرت کو فروغ دے رہا ہے،نیازی ہر آزاد اور جمہوری آواز کا گلا گھونٹ رہا ہے، سیاسی آزادیوں کو کچل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول کی قیادت میں آئین و جمہوریت کے لئے بے مثال جدوجہد اور لازوال قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی،پیپلز پارٹی نے آمریتوں کو شکست دی اور اب ان کی باقیات و حواریوں کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی، جلد ہی جمہوری جدوجہد سے یہ تاریک ترین دور اپنے اختتام کو پہنچنے والا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں