جو شخص دو سالوں میں5 بار اپنی معاشی ٹیم تبدیل کرچکا ہے وہ معیشت خاک ٹھیک کرے گا ‘عظمی بخاری

پاکستان پر ایسا وزیراعظم مسلط ہے جو اپنی کم تنخواہ کو رونا روتا ہے لیکن اس کوعام آدمی کی بدحالی کی کوئی فکر نہیں‘سیکرٹری اطلاعات

پیر 6 جولائی 2020 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2020ء) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ جو شخص دو سالوں میں 5بار اپنی معاشی ٹیم تبدیل کرچکا ہے وہ معیشت خاک ٹھیک کرے گا ، دو سالوں میں 13ارب ڈالرز کے قرضے لینے والوں نے نئے پاکستان کی ایک اینٹ بھی نہیں لگائی، 5ارب ڈالرز کے قرضے واپس کرکے کوئی احسان نہیں کیا،8ارب ڈالرز کے مزید قرضے ابھی آپ کے نالائق اعظم کے ذمے واجب الادا ہیں۔

پیر کے روز عظمی بخاری نے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان کے بیان پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ نوازشریف نے اگر قرضے لیے تو پاکستان کو موٹرویز،بجلی کے منصوبے ،کسانوں اور نوجوانوں کو بلاسود قرضے اور لیپ ٹاپ دئیے عمران خان نے 13ارب ڈالرز کے قرضے بھی لیے اور قوم کو بیروزگاری،مہنگائی،غربت اور ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان بھی پہنچایا،عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجارہے ہیں،یہی عالمی مالیاتی ادارے 2017میں پاکستان کو دنیا کی دس بڑی معیشتوں کے برابر آنے کی پیشگوئیاں کررہے تھے۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے آج کوئی عالمی مالیاتی ادارہ پاکستان کی معیشت کے متعلق اچھی خبریں نہیں دے رہا،اس کی سب سے بڑی وجہ موجودہ حکومت کی فلاپ اورناکام معاشی پالیسیاں ہیں۔انہوںنے کہاکہ جو شخص دو سالوں میں پانچ بار اپنی معاشی ٹیم تبدیل کرچکا ہے وہ معیشت خاک ٹھیک کرے گا پاکستان پر ایسا وزیراعظم مسلط ہے جو اپنی کم تنخواہ کو رونا روتا ہے لیکن اس کوعام آدمی کی بدحالی کی کوئی فکر نہیں,نئے پاکستان میں مافیاز کا راج ہے۔جھوٹی اور خوشامدی تقریروں سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں