وحدت امت ، دہشت گردی فرقہ واریت کا بہترین علاج ہے : علامہ سبطین سبزواری

اہل بیت اطہار ، صحابہ کرام اور ازواج مطہرات کی شان میں گستاخی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں

پیر 6 جولائی 2020 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2020ء) شیعہ علماء کونسل پنجاب شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ اتحاد امت کی اشد ضرورت ہے۔ قرآن مجید کا حکم ہے کہ مسلمان امت واحدہ ہیں، تو وحدت کو عملی طور پر اختیار کرنا فرض ہے۔وحدت امت ، دہشت گردی اور فرقہ واریت کا بہترین علاج ہے ، قومی وحدت میں ہی عوام اور پاکستان کی بقا ہے۔

انتشار کسی بھی قوم اورملک کے مفاد میں نہیں رہا۔ سیدہ فاطمتہ الزہرہ سلام اللہ علیہا اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شان میں گستاخی سے مسلمانوں کے دل آزاری ہوئی ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دونوں گستاخوںکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ قائد ملت اسلامیہ علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں پہلے بھی ایسے مذموم عناصر کے ارادے ناکام بنائے تھے اور آئندہ بھی کسی کو اتحاد امت میں رخنہ اندازی کی اجازت نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

اہل بیت اطہار ، صحابہ کرام اور ازواج مطہرات کی شان میں گستاخی کرنے والوں سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جانی چاہیے،ایسے عناصر قوم میں انتشار کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمتہ الزہرا کی شان میں گستاخی کرنے کی کسی کو جرات نہیں ہو سکتی تھی مگر کچھ عناصر ہیں جو امن و امان کو تباہ کرنے کے لیے ایسے جاہلوں کو استعمال کررہے ہیں، لیکن تاریخ گواہ ہے کہ قومی قیادت ایسے لوگوں کو مسترد کر چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار علامہ سبطین سبزواری نے شیعہ علما کونسل لاہور کے زیر اہتمام قومی مرکز میںعظمت فاطمة الزہرا ؑاتحاد امت کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے علامہ محمد افضل حیدری،مولانا محمد حسین اکبر،مولانا امجد علی عابدی،مولانا حافظ کاظم رضا، مفتی عاشق حسین بخاری،مولانا عاصم مخدوم،قاسم علی قاسمی، شوکت علی اعوان ، جعفر علی شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ نظام مرجعیت اور ولایت فقیہہ مکتب اہل بیت کافخراور باقی مکاتب فکر سے امتیازی وصف ہے۔ پوری قوم علماء کا احترام کرتی ہے لیکن کچھ عناصر جن میں سے لاہور سے ایک شخص قوم میں خلفشار پیدا کر کے مراجع اور علماء کی توہین کا باعث بن رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مراجع صرف کسی ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سیدعلی خامنہ ای سے لے کر آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی تک تمام مراجع قابل احترام ہیں،چاہے وہ نجف، کربلا ،مشہد مقدس، قم، کاظمین، یا کسی اورجگہ موجود ہیں۔

شیعہ علماکونسل کے رہنما نے کہا کہ ہم جاہلوں کی سامنے تو کھڑے ہی ہیں اور ان کی طرف سے علماء کی توہین کے مذموم مقاصد کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔ یہ استعماری ایجنٹ ایم آئی 6کے ایجنڈے کے تحت قوم میں تفریق پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن اپنے آپ کو علامة الدہر اور عقل کل سمجھنے والے کی طرف سے ولایت فقیہہ کا نعرہ لگا کر قوم میں انتشار و خلفشارپیدا کرنے کا ٹوپی ڈرامہ بھی ناکام بنائیں گے۔

قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی 1988ء سے کروڑوں شیعیان حیدر کرار کے دلوں کی دھڑکن ہیں ، جنہوں نے ناصبی تکفیریوں کا مقابلہ نہ صرف اقتدار کے ایوانوں اور عدالتوں میں کیا بلکہ میدانوںمیں بھی ملی دفاع کیا۔ یہ شخص سوشل میڈیا پر اشارے کنائے میں قائد محبوب کی توہین کی کوشش کر رہا ہے، یہ بھی پہلے شرپسندوں کی طرح ناکام ہوگا،جنہیں بڑا زعم تھا کہ وہ قومی قیادت کو ناکام بنا دیں گے ، مگر ملت جعفریہ نے ان کی ڈگڈگی کو ایسا ڈبویا کہ اب یتیمی کی زندگی بسر کررہے ہیں، انشاء اللہ نیا شعبدہ باز بھی ناکام و نامراد ہوگا

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں